اشیاء کی فروخت میں دکاندار کو عوام کاا ستحصال نہیں کرنے دیاجائے گا٬ای ڈی او فنانس

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:51

بھکر۔28 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء)ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ای ڈی او فنانس اینڈپلاننگ محمد اسلم کے زیر صدارت منعقد ہوا٬ اجلاس میں اے ڈی سی حافظ احمد طارق٬اسسٹنٹ کمشنرز٬ڈی او انڈسٹریز ٬ڈی اوہیلتھ ٬ڈی اولائیوسٹاک٬انجمن تاجران ٬صارفین و مارکیٹ کمیٹی کے نمائندگان٬ڈی ایف سی اورٹی ایم اوز نے شرکت کی٬ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ای ڈی او فنانس اینڈپلاننگ محمد اسلم نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ مستحکم پرائس کنٹرول میکانزم کے تحت عوام کو زیادہ سے زیادہ مارکیٹ ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور اشیائے ضروریہ کی فروخت میں کسی دکاندار کو عوام کاا ستحصال نہیں کرنے دیاجائے گا٬انہوں نے انجمن تاجران کے بھرپور معاون کردار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نمائندگان کو تاکید کی کہ ضلع بھر میں تمام اشیائے ضروریہ کے دکانداروں کو مقررہ نرخوں کی پیروی کا پابندبنایاجائے٬ای ڈی اوفنانس اینڈپلاننگ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں اچانک چیکنگ کا عمل مزید سخت اور تیز رفتار بنایاجائے ٬گراں فروشی ٬غیر معیاری اشیائے ضروریہ کی فروخت اور نرخناموں کی عدم آویزگی پر دکانداروں کیخلاف بلاتاخیر کارروائی یقینی بنائی جائے۔