وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کے دورہ بٹگرام کیلئے تیاریاں جاری

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:22

بٹگرام٬ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ضلعی ناظم مانسہرہ سردار سید غلام کے دورہ بٹگرام کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں٬ انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے٬ آئندہ ہفتہ دورہ بٹگرام کیلئے تاریخ کا تعین کیا جائے گا٬ بٹگرام کے عوام نے وفاقی وزیر اور دیگر معزز مہمانوں کی آمد پر شاندار استقبال کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے٬ کمیٹی میں علماء کرام٬ تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے لوگ شامل ہیں جو پروگرام کیلئے عوامی رابطہ مہم کے ساتھ ساتھ انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کریں گے٬ تفصیلات کے مطابق (جی آئی سی ڈیبلو ای) کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم کے عہدیداروں کے علاوہ صحافتی تنظیموں کے علاوہ تاجر برادری سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی٬ اجلاس میں تمام شرکاء نے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی جس میں آئندہ ہفتہ سے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف سمیت دیگر مہمانوں کو دورہ بٹگرام کی دعوت دی گئی ہے٬ اس موقع پر شرکاء نے دورہ بٹگرام کے حوالہ سے انتظامات مکمل کرنے کیلئے (جی آئی سی ڈبیلو ای) کے صدر سردار فضل الرحمن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں ان کے علاوہ سردار شاہ روزم٬ سابق ناظم یو سی راجداری قاری محبوب الرحمن٬ حاجی حضرت یوسف٬ جمروز خان٬ سردار جہانزیب٬ محمد نواز٬ یوسف خان٬ حاجی اکبر٬ ولی الله صدیقی سمیت دیگر کو کمیٹی ممبران مقرر کیا گیا ہے جو پروگرام کے حوالہ سے انتظامات کا بخوبی جائزہ لیں گے اور عوامی رابطہ مہم چلائیں گے۔