ضلع سیالکوٹ میں سرکاری اسکولوں کی مانیٹرنگ کا نظام موثر بنایا جائے گا٬ڈاکٹر آصف طفیل

غفلت اور کوتاہی برتنے والے اساتذہ اور افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی٬ڈی سی او سیالکوٹ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:11

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء)ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے دیئے گئے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے ضلع سیالکوٹ میں سرکاری اسکولوں کی مانیٹرنگ کا نظام موثر بنایا جائے گااور سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے اساتذہ اور افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایجوکیشن افسران اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے ان کا باقاعدگی سے وزٹ کیا کریں ۔اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کی ورکنگ کو بہتر بنانے کیلئے ان کواینڈرائڈ سیٹ فراہم کئے جائیں گے ۔اے ای او نان سیلری بجٹ کے غلط استعمال کو روکنے اور اس کو معیار تعلیم کی بہتری کیلئے استعمال کروانے کے ذمہ دار ہونگے اور اس امر کو یقینی بنانے کیلئے اسکولز کونسل کی تشکیل نو کی جائے گی اور بالخصوص پرائمری اسکولوں میں بچوں کے داخلہ کی شرح بڑھانے کیلئے اساتذہ اور والدین کے مابین ماہانہ میٹنگ باقاعدگی سے انعقاد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی برائے تعلیم سیالکوٹ کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی ایم او سیالکوٹ عامررضا٬ ای ڈی او ایجوکیشن محمد فاروق خاں٬ ڈی ای او ایلیمنٹر ی ایجوکیشن سیالکوٹ ارشد علی٬ ڈی ای او ایلیمنٹری فی میل رفعت سلطانہ ٬ وائس پرنسپل گورنمنٹ کالج ایلیمنٹری ایجوکیشن خالد محمود اعوان اورایڈمن ٹیچنگ ایجوکیٹر اعجاز احمد مرزا کے علاوہ مانیٹرنگ انسپکٹرز اور ایجوکیشن افسران بھی موجود تھے ۔

ڈی سی او نے ای ڈی او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ جن پرائمری اسکولوں میں ٹیچر ایجوکیٹرز نہیں ان اسکولوں کا رزلٹ بہتر بنانے کیلئے این ایس بی سے پارٹ ٹائم کوچنگ (ٹیچر) ہائر کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ معیاری تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے سکولوں میں علم دوست ماحول بنایا جائے اور طالب علموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ڈی سی او نے ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور محنت سے انجام دیئے جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ کی رینکنگ کو بہتر بنانے کیلئے ملکر کوشش کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ بہتر رزلٹ نہ دینے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ایجوکیشن افسران کو تلقین کی کہ وہ اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے ان کا باقاعدگی سے وزٹ کیا کریں اور ان کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کارکردگی دکھانے والے افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔