حکمرانوں نے اپنی گلو بٹ پولیس کے زریعے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو ہراساں کرنا شروع کردیا ٬ہمارے انقلابی کارکن اگر باہر نکل آئے تو ڈرپوک اور بزدل حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی

عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ کا بیان

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:08

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی گلو بٹ پولیس کے زریعے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو ہراساں کرنا شروع کردیا ہے۔ملتان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر شہروں میں پولیس کے زریعے پرامن کارکنان کو ہراساں کیا جارہا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔

اور بتانا چاہتے ہیں کہ اگر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو کسی بھی قسم کی گزند پہنچی تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔پاکستان عوامی تحریک کے انقلابی کارکن اگر باہر نکل آئے تو ڈرپوک اور بزدل حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی٬اسلام آباد میں حکمرانوں نے ریاستی جبر کے زریعے پرامن احتجاج کا راستہ روکنے کی جو کوشش کی ہے وہ ظاہر کرتی ہے کہ بزدل حکمران پرامن احتجاج سے خوفزدہ ہیں اور بوکھلاہٹ میں انسانی قدروں کو بھی پامال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کو جان لینا چاہیے کہ اب سانحہ ماڈل ٹائون کی تاریخ نہیں دھرانے دیں گے۔طاقت و اقتدار کے نشے میں بدمست حکمرانوں کا خاتمہ قریب ہے اور ان پر حالت نزع طاری ہے یہ جلد اپنے انجام بد کو پہنچنے والے ہیں۔پاکستانی عوامی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرپٹ اور قاتل حکمرانوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں انکی بھرپور سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا اگر حکمران اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئے اور ریاستی جبر کے زریعے حق و سچ کی آواز کو دبانے کی کوشش کی تو ڈاکٹر طاہرا لقادری پاکستان آکر خود احتجاج کی قیادت کریں گے۔حکمران ملک کے حالات کو خرابی کی جانب لے جارہے ہیں۔