Live Updates

تحریک انصاف کیکریک ڈائون کیخلاف ملتان احتجاجی مظاہرے ٬حکومت مخالف نعرے

چوک نواں شہرپرپی ٹی آئی کارکنان ڈنڈا بردار پولیس اہلکاروں کو دیکھ کرفرار٬گرفتاریوں کے ڈر سے کئی مقامات پراحتجاجی مظاہرے ملتوی

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:08

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) ملک بھرمیں کارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے احتجاج کی اپیل پر ملتان میں بھی تحریک انصاف کی طرف سے مختلف مقامات پراحتجاجی مظاہرے کیے گئے۔احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کی قیادت تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے کی جبکہ کئی مقامات پر پارٹی کارکنوں نے گرفتاریوں کے ڈر سے احتجاجی مظاہرے ملتوی کردئیے۔

تفصیلات کے مطابق ایم این اے عامر ڈوگر کی قیادت میں ملتان کے علاقے غلہ منڈی میں کارکنوں نے پولیس کے اسلام آباد میں کارکنوں پر تشدد کے مخالف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا ٬کارکنوں نے گو نوازگو کے نعرے لگائے۔چوک نواں شہر پر بھی تحریک انصاف نے ایم این اے عامر ڈوگر٬ ایم پی اے حاجی اختر انصاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

کارکنوں نے حکومت مخالف اور تلاشی دو تلاشی دو کے نعرے لگائے۔

قبل ازیں چوک نواں شہر پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی کے متعدد کارکن ڈنڈا بردار پولیس کو دیکھ کر بھاگ گئے ۔ملتان کے علاقے چوک شاہ عباس میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی ۔پی ٹی آئی وومن ونگ ملتان نے بھی اسلام آباد میں پولیس کے خواتین کارکنوں کے ساتھ نا مناسب رویہ اور کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔دریں اثناء مقامی کارکنوں نے عمران خان کی کال پر پولیس گردی کے خلاف 14نمبر چونگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے روڈ بلاک کرکے حکومت اور پولیس گردی کیخلاف نعرہ بازی کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات