Live Updates

تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کا احتجاج ‘ پولیس کی شیلنگ سے معصوم بچہ خالق حقیقی سے جا ملا

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:07

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کی حکومت مخالف احتجاجی تحریک کو پہلی شہادت مل گئی‘ پولیس کی شیلنگ سے دم گھٹنے کے باعث 4 روز کا معصوم بچہ خالق حقیقی سے جا ملا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس دوران مین مری روڈ پر کمیٹی چوک کا علاقہ پورا دن میدان جنگ بنا رہا۔

(جاری ہے)

پورا دن پولیس اور مظاہرین میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا اور پولیس کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کیا گیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ۔ مظاہرین پولیس کو دیکھ کر گلیوں میں گھستے رہے اور پولیس نے گلیوں میں داخل ہو کر ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث کمیٹی چوک سے ملحقہ گلی کے رہائشی کا 4 دن کا معصوم بچہ دم گھٹنے کے باعث خالق حقیقی سے جا ملا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر بلال نے بتایا کہ آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث بچے کو سانس لینے میں دشواری ہوئی جو اس کی موت کا سبب بنی۔…(رانا)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات