پولیس نے ایم پی اے کی قیادت میں خیبر پختونخوا سے آنے والے پی ٹی آئی قافلے کو بنی گالہ کے انٹری پوائنٹ پرروک لیا

کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا ٬ 30 سے زائد کو گرفتار کر لیا گیا ٬ پی ٹی آئی کا دعویٰ تصادم سے پولیس کانسٹیبل سمیت متعدد افراد زخمی ‘میڈیا ورکرز بھی تشدد کا نشانہ بن گئے

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) اسلام آباد میں پولیس نے تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل حکیم کی قیادت میں خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے کو بنی گالہ کے انٹری پوائنٹ پرروک لیا جبکہ پی ٹی آئی نے الزام لگایاہے کہ ان کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا اور قافلے میں شامل 30 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔

تصادم سے پولیس کانسٹیبل سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو دن بھر کمیٹی چوک اور بنی گالہ میں تحریک انصاف ‘ عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں اور پولیس میں آنکھ مچولی جاری رہی جس دوران پولیس نے متعدد سیاسی کارکنوں کو لاٹھی چارج کر کے زخمی کر دیا جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ جمعہ کی شام جب تحریک انصاف کا رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم کی قیادت میں خیبر پختونخوا سے آنے والا قافلہ بنی گالہ کی انٹری پوائنٹ پر پہنچا تو پولیس کے ڈنڈا بردار اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو گرفتار کر کے تھانوں میں بند کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے میڈیا کے نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ2 نومبر تک نہ کسی کو بنی گالہ آنے دیں گے اور نہ بنی گالہ سے باہر جانے دیں گے۔ پولیس نے خیبر پختونخوا سے آئے ہوئے تحریک انصاف کے 30 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے کر مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا ہے۔ …(رانا)

متعلقہ عنوان :