سپریم کورٹ نے پی اے آر سی اراضی پر رہائشی منصوبہ بنانے کے خلاف از خود نوٹس کیس کی مزید سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی

جمعہ 28 اکتوبر 2016 21:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) سپریم کورٹ نے پاکستان ایگر یکلچر ریسرچ کونسل(پی اے آر سی ) کی اراضی پر رہائشی منصوبہ بنانے کے خلاف از خود نوٹس کیس میں وفاقی حکومت کو تین ہفتوں کے اندر حتمی فیصلہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ہے۔ جمعہ کوچیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل آصف فصیح الدین نے کہا کہ حکومت اس منصوبہ کے سلسلے میں تاخیری ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔

(جاری ہے)

جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ آجکل حکومت لوگوں سے جیلیں بھر رہی ہے٬ یہ جیلیں حکومتی افسران سے بھی بھری جاسکتی ہیں٬ چیف جسٹس نے سٹینڈنگ کونسل نایاب گردیزی سے سمری کے حوالہ سے استفسار کیا تو انہوںنے بتایا کہ وزیر اعظم کو حتمی فیصلہ کرنے کے لئے سمری بھجوادی گئی تھی اور انہوںنے اس پرمتعلقہ فریقین سے رائے بھی لے لی ہے لیکن حتمی فیصلہ اس لئے نہیں کر رہے کہ سپریم کورٹ نے اس حوالہ سے حکم امتناعی جاری کررکھا ہے ٬سٹینڈنگ کونسل نے عدالت سے حکم امتناعی خارج کرنے کی استدعا کی تو عدالت نے اجازت دے دی کہ اگر اس حوالہ سے وزیر اعظم کوئی فیصلہ کریں گے تو اس پرحکم امتناع اثر انداز نہیںہوگا٬ بعد ازاں عدالت نے تین ہفتوں کے اندر حتمی فیصلہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :