Live Updates

پورے پاکستان کی عوام حکمرانوں کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے٬پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کی عوام حکمرانوں کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے٬ خواتین سمیت معصوم اور نہتے لوگوں کو پولیس گردی کا نشانہ بنانا کونسی جمہوریت ہے٬ نواز شریف اور ان کے درباری جتنا چاہے ظلم کرلیں 2نومبر کو عوام کا سمندر اسلا م آباد آنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔

بنی گالا کے اطراف پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری اور پی ٹی آئی سمیت اتحادی جماعتوں کے کارکنان اور رہنمائوں کو اس طرح گرفتار کیا جارہا ہے جیسے کوئی اشتہاری مجرم ہوں ۔ہم حکومت کے اس آمرانہ رویے کی شدید مذمت کرتے ہی٬وہ جمعہ کو پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہائوس نرسری سے گورنر ہائوس تک اسلام آباد اور پنجاب بھر میں کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے مختلف مقامات پر خطاب کررہے تھے٬ریلی کی قیادت تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی اور کراچی ریجن کے صدر فردوس نقوی کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی ریجن کے سینئر نائب صد ر ورکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان٬ سابق سینیٹر ہمایوں مندوخیل ٬ سیف الرحمان خان٬ ملک شہزاد اعوان٬نائب صدر سلطان احمد٬ راجہ اظہر٬ حافظ فضل کریم٬ دوا خان صابر٬ خاتون رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء٬ نازیہ ربانی٬ ارم بٹ٬ صائمہ ندیم٬ضلعی صدور٬ ثاقب علی٬ بلال غفار٬ عطااللہ ایڈوکیٹ٬ فہیم خان٬ منور قریشی٬ ضلع سائوتھ کے وائس چیئر مین منصور شیخ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

فردو س نقوی نے مزید کہا کہ آخر اسلام آباد میں ہمارے کارکنان کو کس جرم کے تحت گرفتار کیا گیاہی اسلام آباد میں گرفتار کئے گئے کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے ورنہ تحریک انصاف اس عمل کے خلاف شدید احتجاج کرے گی ۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں کو چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ جانے سے روکا جا رہا ہے اگر چیئرمین عمران خان کو گرفتار یا نظر بند کیا گیا تو پھر پورے پاکستان میں دما دم مست قلند ر ہوگا۔

احتجاج کرنا ہر سیاسی پارٹی کا جمہوری حق ہے٬ لیکن جمہوریت کو وہ لوگ کبھی نہیں سمجھ سکتے جن کے ذہن ہی آمرانہ ہوں ۔2نومبر کا دھر نا ہر صورت میں ہوگا ۔ اگر نواز شریف اور ان کے درباریوں میں ہمت ہے توروک کر دکھائیں۔2نومبر کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر آئے گا اور نواز شریف کی آمرانہ طرز کی حکومت کو بہاکر لے جائے گا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے گورنر ہائوس کے باہر دھرنا دیا اور گورنر ہائوس میں کارکنان کی رہائی کے لئے درخواست بھی جمع کروادی٬ اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے اس لئے ہم نے گورنر ہائوس کے باہر دھرنا دیا٬ کارکنان کی رہائی کے لئے پورے ملک میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنا ن سراپا احتجاج ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات