اسکائوٹنگ بچوں میں نظم و ضبط٬ وقت کی پابندی ٬ اعتماد اور اصولوں کی پاسداری پیدا کرتی ہے اور اس کے باعث وہ بڑے ہوکر معاشرے کے ذمہ دار اور کارآمد شہری ثابت ہوتے ہیں

گورنر سندھ و چیف اسکائوٹ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کی 18 ویں صوبائی کونسل میٹنگ سے خطاب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) گورنر سندھ و چیف اسکائوٹ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ اسکائوٹنگ بچوں میں نظم و ضبط٬ وقت کی پابندی ٬ اعتماد اور اصولوں کی پاسداری پیدا کرتی ہے اور اس کے باعث وہ بڑے ہوکر معاشرے کے ذمہ دار اور کارآمد شہری ثابت ہوتے ہیں٬وہ جمعہ کو سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کی 18 ویں صوبائی کونسل میٹنگ سے خطاب کررہے تھے٬ اجلاس میں صوبائی اسکائوٹس کمشنر و چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن٬ گورنرسندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید اور سیکریٹری محمد اختر غوری بھی موجود تھے٬گورنر سندھ نے کہا کہ اسکائوٹنگ کے ذریعہ نہ صرف طالب علموں کی جسمانی و ذہنی نشوونما ہوتی ہے بلکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر طریقہ سے استعمال کرنے کی تربیت بھی حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسکائوٹنگ انہیں مشکل حالات میں دشوار ترین چیلنج احسن طریقہ سے پورا کرنے کا ہنر سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکائوٹنگ ایک عالمگیر تحریک ہے جس کا مقصد دوسروں کی مدد بھی ہے یہی وجہ ہے کسی ناگہانی آفت٬ حادثے یا دہشت گردی کے واقعہ کی صورت میں اسکائوٹس امدادی کاموں میں سب سے آگے ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوی ایشن صوبہ میں اسکائوٹنگ کے فروغ کے لئے بہترین جذبہ اور اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ کام کررہی ہے جس کے لئے اس کی پوری انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی سطح پر اسکائوٹنگ کے مزید فروغ کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ابتدا سے ہی طالب علموں میں اسکائوٹنگ کا جذبہ پیدا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذہبی اجتماعات ٬ جلوسوں میں بھی اسکائوٹس کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ خصوصا پسماندہ علاقوں میں اسکائوٹنگ کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں٬ تاکہ وہاں کے بچوں اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں محفوظ رکھ کر انہیں اسکائوٹنگ کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے اس کے پہلے مرحلے میں صوبہ کے 10 ایسے علاقوں کا انتخاب کیا جائے۔

انہوں نے لڑکیوں میں اسکائوٹنگ کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا٬ انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسکائوٹس کا ڈیٹا بیس بھی مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان کی صلاحیتوں سے مزید فائدہ اٹھایا جاسکے٬ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی گرانٹ اس سال سے بڑھا کر 2 کروڑ کردی گئی ہے۔ صوبائی اسکائوٹس کمشنر و چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے سندھ بوائے اسکائوٹ ایسوسی ایشن کی رہنمائی اور سرپرستی کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کے لئے گورنر سندھ نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے٬ اس موقع پر کونسل کے 17 ویں اجلاس کی کاروائی کی منظوری دی گئی٬ جبکہ محمد صدیق میمن کو مزید دو سال کے لئے صوبائی کمشنر منتخب کیا گیا٬ اجلاس میں آڈیٹر مقرر کرنے کیلئے اشتہار دینے کا فیصلہ کیا گیا٬جبکہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے لئے فرقان احمد یوسفی اور محمد اختر غوری کا انتخاب کیا گیا٬ اس موقع پر پروفیسر رئیس علوی کو 2 سال کے لئے اعزازی خزانچی مقرر کیا گیا جبکہ سیکریٹری سید اختر میر کی مدت میں 2 سال کا اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی٬اس موقع پر سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید اختر میر نے ایسوسی ایشن کا کارکردگی٬ اسکائوٹس کو ملنے والے اعزازات اور جمبوری کے انعقاد کے بارے میں بتایا٬ انہوں نے مزید بتایا کہ عالمی سطح پر منعقد ہونے والی جمبوری میں بھی پاکستان بھر میں سندھ بوائے اسکائوٹس ایسی ایشن سب سے آگے ہے٬ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکولوں٬ کالجوں ٬ اور جامعات کی سطح پر اسکائوٹنگ کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں٬ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ کے تمام ڈویژن میں بھی اسکائوٹس کے کیمپس اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :