چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت سیکریٹریز کمیٹی کااجلاس

محکموں کی سیکیورٹی٬ ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاس میں محکموں کی سیکیورٹی٬ ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں امن وامان کو بحال کرنے میں دن رات کوشاں ہیں اور عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ شہری بلاخوف زندگی گزارسکیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر جیسے بزدلانہ کاروائیوں سے نہیں گھبراتے٬ شرپسند عناصر کا ہر صورت مقابلہ کیا جائے گا۔ اوران کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چیف سیکریٹری نے تمام سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے محکموں کی سیکیورٹی نظام کو بہتر کیا جائے٬ جن محکموں کے عمارت میں دیوار نہیں ہے وہاں دیوار تعمیر کیا جائے۔

(جاری ہے)

واک تھرو گیٹس کو فعال کیا جائے اور تمام گاڑیوں کو پارکنگ پلازہ میں کھڑی کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ مقررہ وقت پر منصوبوںکی تکمیل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹیرنگ کمیٹی کو بااختیار بنانے سے ترقیاتی منصوبوں میں تیزی آجائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی ترقیات٬ ایس ایم بی آر اور صوبائی سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :