جمہوریت میں احتجاج سب کا حق لیکن جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کی کسی اجازت نہیں دیں گے٬صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں ٬ جمہوریت میں احتجاج سب کا حق ہے لیکن جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کی کسی اجازت نہیں دیں گے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ ملک کے استحکام کیلئے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) پنجگور کے یونٹ سیکرٹری بابو امید علی بلوچ کی مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر بلوچستان اسمبلی میں اپنے چیمبر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی عبدالواحد شاہوانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میر رحمت صالح بلوچ نے بابو امید علی بلوچ کو ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے نیشنل پارٹی پنجگور میں مزید فعال ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سابق نمائندوں نے تقسیم در تقسیم کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا جب نیشنل پارٹی نے اقتدار سنبھالا تو صوبے کے حالات انتہائی کشیدہ تھے اور لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے حکومت کے مثبت اقدامات کے باعث صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور عوام پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 4سال کے دوران پنجگور سمیت صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی آج ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں۔

میر رحمت بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کیلئے کیا کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے ہمارے دروازے عوام کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور کی ترقی مخالفین کو برداشت نہیں ہورہی ہے اور وہ نیشنل پارٹی کے خلاف بے بنیاداور منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج سب کا حق ہے لیکن جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کی کسی اجازت نہیں دیں گے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ ملک کے استحکام کیلئے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔اس سے قبل بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی)پنجگور کے یونٹ سیکرٹری بابو امید علی بلوچ کی اپنے ساتھیوں سمیت بی این پی (عوامی) سے مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی کے قائدین اور صوبائی وزیر میر رحمت بلوچ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا علان کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 2004ء میں بی این پی (عوامی) میں شمولیت اختیار کی لیکن پارٹی قیادت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دہا ۔انہوں نے کہا کہ بی این پی (عوامی ) نے ہمارے ساتھ نا انصافی کی تمام حدیں پار کردیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی ترقی پسند سوچ سے متاثر ہوکر نیشنل پارٹی میں باقاعدہ اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :