ابھی وقت ہے حکمران ہوش کریں٬ کتنی گرفتاریاں کر لیں گی: چودھری پرویزالٰہی

اپوزیشن جماعتیں اسے تماشہ نہ سمجھیں٬ حکومتی عزائم سامنے آ گئے٬ قومی سلامتی اور اداروں کے تحفظ کیلئے آگے بڑھیں

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:52

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں باالخصوص خواتین کو صرف احتجاج سے روکنے کیلئے تشدد کا نشانہ بناتے اور بلاامتیاز گرفتاریاں کرنے والے حکمرانوں کیلئے ابھی وقت ہے کہ وہ ہوش کریں٬ وہ کب تک اور کتنے لوگ گرفتار کر لیں گے۔

وہ اسلام آباد میں راولپنڈی٬ اٹک اور چکوال کے منتخب نمائندوں٬ ضلعی و تحصیل سطح کے عہدیداروں٬ ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنمائوں کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ محمد بشارت راجہ٬ میجر (ر) طاہر صادق اور حافظ عمار یاسر نے بھی پرجوش حاضرین سے خطاب کیا۔ حاضرین نے نعروں اور نہایت جذباتی انداز میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرفتاریوں اور جیلوں سے نہیں ڈرتے٬ وہ پاکستان مسلم لیگ کے کارکن ہیں اور مادر وطن کے تحفظ کیلئے میدان عمل میں آئے ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے ان کے جذبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی غیرجمہوری اور پرتشدد کارروائیوں کو اپوزیشن جماعتیں تماشہ نہ سمجھیں ان کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں٬ انہیں چاہئے کہ وہ پاکستان کی سلامتی اور قومی اداروں کے تحفظ کیلئے آگے بڑھیں اور 2نومبر کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جیلیں اور گرفتاریاں بھگت چکے ہیں٬ یہ ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔#