پشتونخوا وطن کے غیور عوام نجات دہندہ تحریک کے ساتھ ہیں٬سردار مصطفی خان ترین

عوامی اتحاد واتفاق اور عوامی طاقت سے ہر سازش کو نا کام بنائینگے٬صوبائی وزیر

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:49

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری وصوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین ٬ صوبائی سیکرٹری اطلاعات وڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ خان روشان نے کہا ہے کہ پشتونخوا وطن کے غیور عوام اپنی نجات دہندہ تحریک کے ساتھ ہیں عوامی اتحاد واتفاق اور عوامی طاقت سے ہر سازش کو نا کام بنائینگے ۔

پشتونخوامیپ ہر قسم کے حالات میں اپنی غیور عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے ملت کو امن ترقی اور خوشحالی کے راہ پر گامزن کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقی تراٹہ میں 102افراد کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس سے علاقائی سینئر معاون سیکرٹری شمس الدین جمال ٬ حبیب اللہ ٬ ملک نجم الدین اور ولی محمد نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سردار مصطفی خان ترین نے کہا کہ خان شہید کے دور سے لیکر آج تک پشتونخوامیپ نے پشتونخوا وطن کی وحدت ٬ ملی تشخص کی بحالی ٬ قومی واک واختیار ٬ معدنی وسائل پر کنٹرول اور ہرقسم کے ظلم وجبر کیخلاف تاریخ ساز جدوجہد کی ہے اور ہمارے وطن میں اللہ پاک نے جو نعمتیں پیدا کی ہیں اس پر پہلے ہمارے عوام کا حق ہے جبکہ ہر قسم کے معدنی وسائل سے مالا مال سرزمین کے باسیوں کو صاف پانی تک میسر نہیں اور ایسی صورتحال مزید ناقابل برداشت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے پشتونخوا وطن اور ملک پر مسلط دہشتگردی نے ہر شعبہ زندگی کو بری طرح متاثر کیاہے۔ ہمارے عوام معصوم افراد کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تک چکے ہیں پولیس ٹریننگ سینیٹر کا دلخراش واقعہ پر احساس مند دل خون کی آنسو رورہا ہے ایسے حالات میں مایوسی کے بجائے متحدومنظم ہوکر جدوجہد کومزید تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن پر مسلط دہشتگردی سے نجات قومی اتحاد واتفاق اور مسلسل جد وجہد میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خان شہید کی شروع کردہ جدوجہد رنگ لارہی ہے پشتونخوامیپ نے ہمیشہ ہر قسم کی تباہی وبربادی کے خلاف آواز بلند کرکے قوم کے چوکیدار کا کردار ادا کیا ہے اور اس راہ میں محترم مشر محمود خان اچکزئی نے الزامات اوران پر اور ان کے خاندان پر حملے تک ہوئے اور مختلف اوقات میں پشتونخوامیپ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے ہر قسم کی قربانی دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیئے لیکن پشتونخوامیپ اپنی ملت کی رہنمائی کرتے ہوئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی فنڈز سے عوام کے مسائل مکمل حل نہیں ہوسکتے بلکہ وفاقی نے بھی ہر شعبہ زندگی میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی مسائل حل کرنے اور عوام کو زندگی کے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشش کررہی ہے علاقے میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔