لاہور ہائیکورٹ ٬ گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کی ممکنہ مسماری کیخلاف محکمہ ریلوے اور پنجاب حکومت سے اٹھارہ نومبر کو تفصیلی جواب طلب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کی ممکنہ مسماری کیخلاف محکمہ ریلوے اور پنجاب حکومت سے ریلوے سٹیشن کی تاریخی حیثیت پر اٹھارہ نومبر کو تفصیلی جواب طلب کر لیا چیف جسٹس سید مںصور علی شاہ نے گوجرانوالہ سٹیزن فورم کے رہنما ایس اے حمید ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی٬ درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کو مسمار کرنے جا رہی ہے اور ریلوے سٹیشن پر کمرشل پلازے بنوانا چاہتی ہے٬ انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن پر اٹھارہ سو اکیاسی میں تعمیر کیا گیا تھا٬ یہ ریلوے سٹیشن تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کی مسماری غیرقانونی اقدام ہے٬ انہوں نے استدعا کی کہ گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن کی ممکنہ مسماری روکنے کا حکم دیا جائے٬ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے محکمہ ریلوے اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹھارہ نومبر کو ریلوے سٹیشن کی تاریخی حیثیت پر جواب طلب کر لیا۔