کسی کو شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور پاکستان کا رخ تباہی کے راستے کی طرف موڑنے کی اجازت نہیں دیں گے٬عابد شیر علی

اسلام آباد ہی اسلام کا قلعہ ہے٬کوئی مائی کا لعل اسلام آباد بند نہیں کرسکتا٬ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:47

راولپنڈی/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کسی کو شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور پاکستان کا رخ تباہی کے راستے کی طرف موڑنے کی اجازت نہیں دیں گے٬اسلام آباد ہی اسلام کا قلعہ ہے٬کوئی مائی کا لعل اسلام آباد بند نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لال حویلی کے جلسے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا٬انہوں نے کہا کہ دم دباکر بھاگنا شیخ رشید کی پرانی عادت ہے٬میں راولپنڈی کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے آج شیخ رشید کے ساتھ کھڑے نہ ہوکر اسے اس کی اوقات یاد دلادی٬انہوں نے کہا کہ شیخ برادری بھی شیخ رشید کا ساتھ دین پسند نہیں کرتی صرف شیخ برادری ہی کمیٹی چوک پہنچ جاتی تو مری روڈ جام ہوجاتا لیکن ایسا بھی نہیں ہوا مجبورا شیخ رشید کو اپنے فتح جنگ فارم ہائوس کے چار ملازمین کو ساتھ لانا پڑا ٬انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی بھی کوئی حد ہوتی ہے شیخ رشید نے اب تک جھوٹ بولنا نہیں چھوڑا٬اگر راولپنڈی کے غریب لوگوں کو دودھ اور پانی نہیں مل رہا تھا تو وہ آتے ہی 10 ڈالر کا سگار سلگاکر کیاان غریب لوگوں کا مذاق نہیں اڑارہے تھے٬چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ بوہڑ بازار سے متصل دو تین سڑکوں کے علاوہ پورا راولپنڈی کھلا تھا ٬ٹریفک ہر طرف رواں دواں تھی اور کھانے پینے کی ہر چیز لوگوں کو دستیاب تھی لہٰذا یہ کہنا کہ لوگوں کو دودھ اور پانی نہیں ملا اور اسی طرح شیخ رشید کا اپنی بہن کے گھر چھاپے سمیت لال حویلی کو سیل کرنے کے دعوے من گھڑت اور جھوٹ کے پلندے ہیں٬شیخ رشیدمانگے تانگے کی سواریاں بھی نہیں لاسکا٬ کمیٹی چوک میں خطاب کیلئے انہیں 10 یا 12 کیمرے ہی میسرآ سکے٬ایک سوال کے جواب میںچوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ حکومت نے شیخ رشید کی گرفتاری کا کوئی حکم جاری نہیں کیا تھا وہ بوکھلاہٹ میں دھمکیوں کے ذریعے اور بالواسطہ طریقوں سے گرفتاری کی پوری کوشش کرتے رہے یہاں تک کہ بھاگنے کا ڈرامہ بھی رچایا لیکن پولیس پھر بھی حرکت میں نہ آئی٬انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کوئی چھلاوہ نہیں ہے کہ پولیس کی نظروں سے اوجھل ہوتا رہے اور موٹر سائیکل پر دندناتا پھرے٬اگر لال حویلی سیل ہوتی اور پولیس نے شیخ رشید کو گرفتار کرنا ہوتا تو بتایا جائے کہ وہ کمیٹی چوک سے لال حویلی کیسے پہنچے٬ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ شیخ رشید آئندہ الیکشن میں شکست کے بعد سیاست چھوڑ کرکمیٹی چوک پر ریڑھی لگائیں گے آج کچھ ایسا ہی لگ رہا تھا٬چوہدری عابد شیر علی نے مذید کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے بنی گالہ میں جس طرح پولیس اہلکاروں کو ڈنڈے مارے ہیں اور راولپنڈی میں جس طرح پولیس پرپتھرائو کرایا گیا ہے یہ لوگ اسی طرح کا احتجاج کرنا چاہتے ہیں ٬حکومت کسی شرپسند جماعت یا گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے کی قطعا اجازت نہیں دے گی۔

متعلقہ عنوان :