پی ٹی آئی رہنما قانون کی پاسداری کریں اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے باز رہیں٬ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کا پی ٹی آئی چیف کوارڈینیٹر کو مراسلہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی طرف سے پی ٹی آئی چیف کوارڈینیٹر کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو قانون کی پاسداری اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔جمعہ کو یہ مراسلہ مجسٹریٹ علی جاوید نے بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے ذمہ داران کے حوالے کیا جو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دستخطوں سے جاری کیا گیا ہے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ دفعہ144 کے نفاذ کی باوجود پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے جلسے جلوسوں کے انعقاد کا انتظام اور لاؤڈسپیکرز کے غیر قانونی استعمال کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس سے نقص امن پیدا ہونے اور عوامی بنیادی حقوق سلب ہونے کا خدشہ ہے اور یہ دفعہ144کی صریح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

مراسلہ میں مزید کہا گیا کہ لائوڈ سپیکر کے اذان اور خطبہ جمعہ کے علاوہ استعمال غیر قانونی طور پر اجتماع پر پابندی کے باوجود پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ اور انکے گارڈز کی جانب سے سر عام اسلحے کی نمائش کی جا رہی ہے۔

مراسلہ میں ڈسٹرکٹ میجسٹریٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو قانون کی پاسداری اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے باز رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون حرکت میں آئے گا اور قا نونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے گزشتہ روز اسلام آبادہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد کو کھلا رکھنے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی پاسداری اور تمام راستوں تجارتی مراکز کو بند نہ کرنے اور شہریوں کے جان و مال کو تحفظ دینے کے حکم کے پیش نظر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے ضلع اسلام آباد کی حدود میںدفعہ144کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جو دو ماہ تک نافذالعمل رہے گی۔