علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈگری پر ایم اے انگلش میں داخلہ نہ دینے پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے جواب طلب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی بی اے کی ڈگری کی بنیاد پر ایم اے انگلش میں داخلہ نہ دینے پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے 4نومبر کو جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار سدرہ شمشاد کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے٬ کسی بھی وجہ سے سے شہری کو بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں ایم اے انگلش میں داخلہ کیلئے اپلائی کیا لیکن یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے یہ کہہ کر درخواست گزار کا داخلہ مسترد کر دیا کہ درخواست گزار کی بی اے کی ڈگری علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ہے٬ یونیورسٹی آف ایجوکیشن اوپن یونیورسٹی کی ڈگری تسلیم نہیں کر رہی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کو ایم اے انگلش میں داخلے کا حکم دیا جائے۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے چار نومبر تک جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :