Live Updates

جمہوریت پٹری سے اتری تو ذمہ دار عمران خان اور نواز شریف دونوں ہوں گے‘ مسلم لیگ ن خود مشرف کی آمریت کے خلاف احتجاج کرتی رہی ہے‘ عاقبت نااندیش لوگوں نے چار دن پہلے ہی 2 نومبر کا ماحول پیدا کردیا ہے

جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجا ز احمد ہاشمی کی کارکنوں سے گفتگو‘پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں پر اظہار افسوس

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجا ز احمد ہاشمی نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں اقدام کی بجائے٬ سیاسی سنجیدگی او ربالغ نظری کا ثبوت دیا جائے۔ خدانخواستہ اب جمہوریت پٹڑی سے اتری تو ذمہ دار عمران خان اور نواز شریف دونوں ہوں گے۔

جو اپنی ہٹ دھرمی اور انا پر ڈٹے ہوئے ہیں اور مذاکرات کا راستہ اختیار نہیں کررہے۔ کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ سیاسی مسائل کو سیاسی انداز سے حل کرنا چاہیے۔ جس نے بھی طاقت کے استعمال کا مشورہ دیا ہے٬ وہ حکمرانوں کا خیر خواہ نہیں ہوسکتا۔ جمہوری ملک میں سیاسی کارکنوں پر پولیس کا تشدد اور سیاسی رہنماوں کا گھیراو نیک شگون نہیں۔

(جاری ہے)

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ افراتفری حکومتوں کے حق میں کبھی نہیں رہی۔ طاقت کے استعمال سے انارکی پھیلے گی۔ خدانخواستہ وفاقی دارالحکومت کے حالات خراب ہوگئے تو ملک میں گورننس کہا ں رہے گی ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن خود مشرف کی آمریت کے خلاف دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرتی رہی ہے۔ اسے اپوزیشن کے جلسوں کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ عاقبت نااندیش لوگوں نے چار دن پہلے ہی 2۔ نومبر کا ماحول پیدا کردیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات