Live Updates

گرفتاریاں ہونا اچھی بات نہیں مگر بغاوت کرنے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے ‘ عمران خان ہرن کا گوشت کھاتے ہیں اس لئے پولیس سے کہہ دیا ہے کہ عمران خان کا کھانا نہیں روکا جائے گا‘مگر کوئی اور ’’چیز ‘‘نہیں جانے دیں گے٬ عوام کا سمندر لانے والے شیخ رشید بھاگ رہے تھے

مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ گرفتاریاں ہونا اچھی بات نہیں مگر بغاوت کرنے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے ‘ تحریک انصاف والے کھانے کی بات کر رہے ہیں حالانکہ انقلابیوں کیلئے تو کھانا ثانوی چیز بن جاتی ہے‘ عوام کا سمندر لانے والے شیخ رشید آج بھاگ رہے تھے۔

جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ گرفتاریاں اچھی بات نہیں مگر بغاوت کرنے پر قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے ریاستی اداروں کو تسلیم نہیں کیا جائے گا تو قانون پھر اپنا راستہ اپنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو کسی کا کھانا روکنے کی ہدایت نہیں کی گئی ایک جانب تو یہ انقلاب کی باتیں کرتے ہیں لیکن دوسری جانب ان کے پیٹ میں چوہے گھوم رہے ہیں اور یہ بار بار کھانے کی باتیں کر رہے ہیں حالانکہ انقلابیوں کیلئے تو کھانا ثانوی چیز بن جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہرن کا گوشت کھاتے ہیں اس لئے پولیس سے کہہ دیا ہے کہ عمران خان کا کھانا نہیں روکا جائے گامگر کوئی اور ’’چیز ‘‘اندر نہیں جانے دی جائیگی ۔سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ عوام کا سمندر لانے والے شیخ رشید آج بھاگ رہے تھے ٬ عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے اور پاکستانی عوام نواز شریف کے ساتھ ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات