نوجوانوں کی مثبت سرگرمیاں قوم کی ترقوم کا سبب بنتی ہیں٬ سنئیر صوبائی وزیر عنایت اللہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 20:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء)سینئر صوبائی وزیر برائے بلدیات خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ نوجوان ہی صوبہ کا مستقبل ہے اور ان کو ترقی دینے کا بڑا ذریعہ کھیل کود ہے جب نوجوان مثبت سرگرمیاں کریں گے تو قوم ترقی کی سیڑھیاں چڑھے گی۔وہ دیر بالا میں نصرت درہ کے مقام پر جماعت اسلامی یوتھ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں پاک فوج کے کرنل عامر جمیل مہمان خصوصی تھے۔حاجی محمد حسین اور حاجی شاد محمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بدامنی کی فضا میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا حوصلہ افزاسرگرمی ہے جس سے قوم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قوم کی ترقی کا انحصار نوجوانوں پر ہے۔نوجوانوں کا ذہن تعمیری ہوگا تو ملک میں تعمیری سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی اتحادی حکومت نے ہر تحصیل میں سٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔انھوں نے کہا ہمارے جوان دنیا کے کسی بھی ملک کے نوجوانوں سے زیادہ باصلاحیت ہیں حکوت ان کی سرپرستی کرے گی۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دیر بالا میں ترقی کا جال بچھانے کے منصوبے شروع کر رکھے ہیں اور عوام کو ایک تبدیلی نظر آرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب حکمران اور وزیر کرپشن نہیں کرتے تو کسی بھی شعبہ میں کرپشن کے امکانات اور رحجانات کم ہو جاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جب اپنی مدت پوری کر لے گی تو عوام واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔انھوں نے آخر میں جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی اور نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔