انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے مابین قریبی روابط کی ضرورت ہے٬ صدر سرحد چیمبرمحمد اقبال

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد اقبال نے انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے مابین قریبی روابط کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کی جانب سے 16 سے 17 نومبر کوہونیوالے انوویشن سمٹ میںصوبے کے صنعتکاروں کی شرکت سے صنعتوں میں تیار ہونیوالی مصنوعات کے فروغ اور ان کو شوکیس کرنے سمیت نئے آئیڈیاز ٬ْ مہارت اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کو فروغ ملے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر ڈی آر آئی سی پشاور ڈاکٹر سعید گل کی سربراہی میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عالمزیب خان اور آئی آر پی رحمت پر مشتمل وفد سے چیمبر ہائوس میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر عابد اللہ یوسفزئی ٬ْ چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز ٬ْ ایگزیکٹو ممبران عماد رشید ٬ْ نعمان الحق اور راشد اقبال سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اقبال نے بات چیت کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ا نجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے زیر اہتمام پہلے انویشن سمٹ کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے مابین قریبی روابط کے بغیر نئی ٹیکنالوجیز کو متعارف نہیں کرایا جاسکتا اس لئے ضروری ہے کہ اکیڈیمیہ کا صنعت و تجارت کے شعبے کے ساتھ تعلق کو فروغ دیا جائے ۔

انہوں نے انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسرز کو صوبے کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انوویشن سمٹ میں شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ اس موقع پر انجینئرنگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈی آر آئی سی ڈاکٹر سعید گل نے انوویشن سمٹ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور نے پہلی مرتبہ اس سمٹ کا انعقاد کیا ہے جس میں صنعتوں میں تیار ہونیوالی مصنوعات کے سٹالز لگائے جائیں گے اور اس سمٹ میں ریسرچرز ٬ْ سائنسدان اور ریسرچ سے متعلق محکمے اور یونیورسٹیز کے سٹوڈنٹس شریک ہوں گے جو صنعتکاروں کو مصنوعات میں نت نئی ریسرچ اور ٹیکنالوجیز سے متعلق سہولیات فراہم کریں گے اور اگر کسی انڈسٹری کو نئی ریسرچ کی ضرورت ہوگی تو وہ بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس سمٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے اور نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرانا ہے جس سے صوبے کی صنعتوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اقبال سے درخواست کی کہ وہ اس انوویشن سمٹ میں صنعتوں کی شرکت یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ 20 سٹالز صنعتوں کیلئے مختص کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر انجینئر مقصود انور پرویز اور عماد رشید نے بھی صنعتوں اور اکیڈیمیہ کے مابین روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور اس انوویشن سمٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔