پارلیمنٹ لاجز میں رہائشی فیملی فلیٹس کی تعمیر کو مکمل کیا جائے ٬میئر اسلام آباد

تعمیراتی کام کے سلسلے میں کسی قسم کی غفلت نا قابلِ برداشت ہو گی٬شیخ انصرعزیز

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پارلیمنٹ لاجز میں رہائشی فیملی فلیٹس کی تعمیر کو مکمل کیا جائے ۔اس منصوبہ کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔متعلقہ افسران کام کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے موئثر نگرانی کریں۔ ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصرعزیز نے پارلیمنٹ لاجز میں 104 فیملی سوئیٹس کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس سے کیا۔

اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ ٬ ڈائریکٹر جنرل ورکس٬ پراجیکٹ ڈائریکٹر فیملی سوئیٹس ٬منصوبہ کے کنڑیکٹر اور سی ڈی اے کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بناء پر منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہو چکا ہے تاہم کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کے سلسلے میں کسی قسم کی غفلت نا قابلِ برداشت ہو گی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر نے کے بعد اب تعمیراتی کام زور و شور سے جاری ہے ۔انہیں بتایا گیاکہ انجینئرنگ ونگ کی ٹیمیں کنٹریکٹر کے ساتھ مربوط رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔

دریں اثناء میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کے زیرِ اہمتام لیڈر شپ کے عنوان سے منعقدہ 33 ویں ٹریننگ کورس کے اختتامی تقریب کے موقع پر کیا۔ تقریب میں سی ڈی اے کے افسران و ملازمین کے علاوہ مختلف کالجوں ٬یونیورسٹیوں اور اداروں سے کورس میں تربیت حاصل کرنے والے شرکاء نے شرکت کی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ افسران و ملازمین کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں ٹریننگ اکیڈیمی نے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے افسران و ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے ادارے میں شفافیت٬ میرٹ اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کو 27 ماہ کی قلیل مدت میں 33 تربیتی کورس مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ٹریننگ اکیڈیمی کو جدید تربیتی اداروہ بنانے کے لیے بھر پور سر پرستی کا یقین دلایا۔اس موقع پر سی ڈی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اکیڈیمی ثناء اللہ امان نے سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی کے زیرِ اہتمام منعقد کیے جانے والے تربیتی پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 27 ماہ کی مدت میں 33 پیشہ ورانہ تربیتی کورس ٬ 4 میگا لیکچرز اور ایک انٹرنیشنل ورکشاپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے ٹریننگ اکیڈیمی سی ڈی اے کے افسران و ملازمین کی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے بلا امتیاز مختلف تر بیتی پروگرام ترتیب دیتی رہی جس میں سی ڈی اے کے ہر شعبے کے افسران و ملازمین شرکت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ممبر ایڈمنسٹریشن کو ٹریننگ اکیڈیمی کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :