دیوالی کے موقع پر سندھ کے ہندو اکثریتی اضلاع میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگیخ ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی

دیوالی کا تہواربلاشبہ اندھیرے پر روشنی کی٬ برائی پر اچھائی کی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے٬رکن اسمبلی (ن)لیگ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کروائی ہے کہ دیوالی کے موقع پر سندھ کے ہندو اکثریتی اضلاع بشمول تھرپارکر٬ ٹھٹھہ اور بدین میں لوڈشیڈنگ بالکل نہیں کی ہوگی جبکہ باقی علاقوں میں بھی رعایت دی جائے گی٬ جمعے کے روزمقامی ہندو وفد سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے کہا کہ دیوالی کا تہواربلاشبہ اندھیرے پر روشنی کی٬ برائی پر اچھائی کی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے انتھک کوششوں میں مصروفِ عمل ہے اور 2018؁ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔ ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے ہندوکمیونٹی سے دیوالی کے تہوار پر پاکستان بھر میں امن قائم رہنے اور ملک کی سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعاؤں کااہتمام کرنے کی اپیل بھی کی٬ پاکستانی ہندو دیوالی کا تہوار 30اکتوبر بروز اتوار کوبھرپور جوش و خروش سے منائیں گے۔