Live Updates

نواز شریف اور عمران خان بند گلی میں جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ٬ نثار احمد کھوڑو

وزیراعظم احتساب سے چھپنے کی کوشش کرہے ہیں ٬ اپوزیشن حکومت کی کمزوریوں کو اجاگر کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن ملک کے دارالحکومت کو بند کرنا مناسب عمل نہیں ہے ٬ سینئر صوبائی وزیر سانحہ کوئٹہ جیسے واقعات ثابت کرتے ہیں ہمیں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثربنانا ہے٬میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) سینئر صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں نواز شریف اور عمران خان دونوں بند گلی میں جاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ۔وزیراعظم احتساب سے چھپنے کی کوشش کرہے ہیں لیکن اپوزیشن حکومت کی کمزوریوں کو اجاگر کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔

سانحہ کوئٹہ جیسے واقعات ثابت کرتے ہیں کہ ہمیں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثربنانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن ملک کے دارالحکومت کو بند کرنا مناسب عمل نہیں ہے ۔اس سے شہریوں سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

مجھے نہیں پتہ کہ عمران خان نے لاک ڈاؤن کا کا لفظ جان بوجھ کر استعمال کیا ہے یا پھر نادانستہ طور پر ان کے منہ سے نکل گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ صورت حال میں نواز شریف اور عمران خان دونوں بند گلی کی جانب جارہے ہیں ۔وزیراعظم آج بھی احتساب سے چھپ رہے ہیں اور حکمرانوں کی کوشش ہے کہ معاملے کومزید طول دیا جائے ۔اگر حکمرانوں کی یہی حکمت عملی تو اپوزیشن بھی حکومت کی کمزوریوں کو اجاگر کرتی رہے گی ۔

پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے ایسے ٹی آر اوز بنانے سے گریز کیا جائے جو عدالتوں سے رد ہوجائیں ۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہمیں نان پولیٹکل نہیں بلکہ سیاسی ایکٹرز کی بات کرنی چاہیے ۔ادارے تماش بین کا کردار ادا نہ کریں کیونکہ ملک میں جمہوریت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو چھلاوا بن کر جلسے میں جانے کی ضرورت نہیں تھی ۔

اگر انہیں جلسے میں جانا ہی تھا تو سیدھے راستے سے جاتے چاہے اس صورت میں ان کی گرفتاری ہی کیوں عمل نہیں آجاتی ۔انہوںنے کہا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ پر حملہ قابل مذمت ہے ۔ہم نے دہشت گردی کے خلاف یقیناً اہم کامیابیا ں حاصل کی ہیں لیکن کوئٹہ جیسے واقعات یہ ثابت کرتے ہیں کہ ہمیں اپنی کارروائیوں کو مزید موثر اور مربوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ہمیں ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن سے دہشت گردوں کے دلوں میں ڈر پیدا ہو اور وہ ایسی کارروائیاں کرنے سے پہلے کئی بار سوچنے پر مجبور ہوں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات