ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں٬ لوگ حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں٬میاں ایوب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) سابق مشیر وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے کاروبار میں تو دن بدن بے شمار اضافہ ہو رہا ہے اور ہر شہری کی زبان پر حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں سنائی دیتی ہیں لوگ حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں غریب آدمی کا بچہ بھوک اور غربت کی وجہ سے مررہا ہے موجودہ حکمران ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جاچکے ہیں ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے حکمران جھوٹے وعدے کرکے عوام کو مزیدبے وقوف نہیں بناسکتے عوام سے جھوٹے وعدے کرکے اقتدار میں آنے والے حکمران اب عوام کا سامنا نہیں کرسکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے بجلی اور گیس کے بل بھی ادا نہیں کرسکتے مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے٬ موجودہ حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ملک کا مزدور بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بے روز گار ہو چکا ہے ملک کی انڈسٹری لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تیزی سے بندہو رہی ہے۔