اٹلی کا اعلیٰ سطحیٰ وفد سٹیٹ منسٹر کی سربراہی میں سات دسمبر کو لاہور کا دورہ کرے گا

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) اٹلی کا ایک اعلیٰ سطحیٰ وفد سٹیٹ منسٹر کی سربراہی میں سات دسمبر کو لاہور کا دورہ کرے گا۔وفد میں اٹلی کے ٹیکسٹائل٬ لیدر٬ فٹ ویئر٬ انفراسٹرکچر٬ انفارمیشن ٹیکنالوجی٬ توانائی٬ زراعت اور آٹوموٹیو سیکٹر سے تعلق رکھنے والی 80کمپنیوں کے نمائندے اور اٹلی کی چھ بڑی بزنس ایسوسی ایشنز شامل ہونگی۔

اس بات سے اٹلی کے ڈپٹی ہائی کمشنر اے آر دائودپوٹانے لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط کو لاہور چیمبر میں ہونے والی ایک ملاقات میں آگاہ کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی رکن چودھری خادم حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اٹلی کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ وفد پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اٹلی کی بڑی صنعتوں میں سیاحت٬ مشینری٬ آئرن اینڈ سٹیل اور سیرامک شامل ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی سیکٹرز کو مدنظر رکھ کر سٹڈی اور مارکیٹ سروے کریں تاکہ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بہترین ہے جس سے اٹلی کے تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ڈیویڈنڈ اور منافع کی وطن واپس ترسیل پر کوئی پابندی نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کے توانائی٬ ایگروبیسڈ انڈسٹریز٬ تعمیرات٬ مائننگ٬ ٹیکسٹائل اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین وقت ہے کیونکہ یہ تیزی سے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو ڈیری و لائیوسٹاک کے شعبے میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کرنی چاہیے ٬ اس شعبے میں اٹلی کا تجربہ اور مہارت پاکستان کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :