وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام کو سپورٹس کی سہولتیں پہنچانے کیلئے منصوبوں کی تکمیل بروقت ضروری ہے‘ ذوالفقار گھمن

صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے ای لائبریریز کا قیام خوش آئندہے٬ جمنیزیم ہالز اور گرائونڈز بروقت مکمل کئے جائیں٬ غفلت ہرگز برداشت نہیں ہوگی‘ڈی جی سپورٹس پنجاب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ صوبہ میں زیرتعمیر سپورٹس جمنیزیم٬ ای لائبریریز اور سپورٹس گرائونڈز کے منصوبے جلداز جلد مکمل کئے جائیں تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو سپورٹس کی جدید سہولتیں میسرآسکیں٬ اس میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے ورنہ متعلقہ حکام کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں صوبہ بھر میں جمنیزیم ہالز٬ ای لائبریری اور گرائونڈز کے زیر تعمیر منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوسرے روز صدارت کرتے ہوئے کیا٬اجلاس میں ملتان٬ ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز میں جاری سپورٹس کے زیرتعمیر منصوبوں کا جائزہ لیا٬ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن محمد انیس شیخ٬ ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو٬ چیف انجینئر میر منیر٬ اکرام باری٬ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ صدف ظفر٬سی این ڈبلیو کے افسران٬ڈویژنل سپورٹس افسران اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے شرکت کی٬ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کو پاکپتن٬ بہاولنگر٬ خیر پور ٹامیوالی٬ بہاولپور٬ حاصل پور٬ خان پور٬ رحیم یار خان٬ صادق آباد٬ ملتان٬ خانیوال٬ لودھراں٬ میاں چنوں٬ وہاڑی٬ڈیرہ غازی خان٬ میلسی٬ بوریوالہ٬ راجن پور٬ جام پور٬ ساہیوال اور اوکاڑہ میں جمنیزیم ہالز کی تعمیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ جمنیزیم ہالز تقریباً مکمل ہوچکے ہیں٬ ان کو فنشنگ ٹچز دیئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس کا فروغ اور عوام کو سپورٹس کی جدید ترین سہولتیں فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو سپورٹس کی سہولتیں انکی دہلیز پر پہنچانے کیلئے ضروری ہے کہ ان منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے حکم دیا کہ جمنیزیم ہالز جلد ازجلد مکمل کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے ای لائبریریز کا قیام خوش آئندہے٬ پنجاب بھر میں سپورٹس گرائونڈز کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ٬ ان گرائونڈز کو بھی جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سپورٹس بورڈپنجاب نوجوانوں کیلئے یونین کونسل کی سطح پر سپورٹس کے میگا ایونٹس منعقد کرنے کا پروگرام ترتیب دے رہا ہے اس کیلئے ضروری ہے جمنیزیم ہالز اور گرائونڈز کی تکمیل بروقت کی جائے٬ اس سلسلہ میں کسی کوتاہی اور غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :