سینیٹرسعید غنی کا ڈاکٹر عاصم حسین کی صحت پراظہارتشویش

ڈاکٹر عاصم حسین کو وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے٬ محض الزام کی بنیاد پر دہشتگردوں کا علاج ہونے کی سزا دی جارہی ہے٬بیان

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے ڈاکٹر عاصم حسین کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف صدر آصف علی زرداری کے معالج ہونے کے جرم میں ڈاکٹر عاصم حسین کو وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو محض الزام کی بنیاد پر کہ ان کے ہسپتال میں دہشتگردوں کا علاج ہوا تھا سزا دی جا رہی ہے جبکہ عمران خان خود اقرار کر چکے ہیں کہ ان کے ہسپتال میں طالبان کا علاج ہوتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بارے میں کوئی تحقیقات تک نہیں ہوئی۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ گرفتاری کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کو قید تنہائی میں رکھا گیا اور انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ نیب ابھی تک ان کی کردار کشی کرکے انہیں ذہنی اذیت دے رہا ہے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہاکہ حکومت نے آئین شکن اور عدالتوں کو مطلوب آمر جنرل مشرف کو رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں معاونت کی مگر ڈاکٹر عاصم حسین کی گرتی ہوئی صحت اور ان کی اہلیہ کی تشویشناک حالت کے باوجود ضمانت کے حق سے محروم رکھ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :