وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے جمہوریہ چیک کا3روزہ دورہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے جمہوریہ چیک کا3روزہ دورہ کیا۔ وزیر صنعت و تجارت جان ملڈک کی دعوت پر تین روزہ پراگ کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوسرے روز وفاقی وزیر تجارت نے چیک پاکستان انٹر پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین وکیلیف ریمک جمہوریہ چیک کے ڈیپٹیز کے چیمبر میں ملاقات کی۔

وزیر تجارت نے گذشتہ ساڑھے تین سال کے دوران پاکستانی معیشت میں آنے والے استحکام اور مثبت اشاریوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری وفود اور ٹریڈ مشنز کے تبادلوں کا خیر مقدم کیا اور ان رابطوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے نجی شعبہ کی کمپنیوں کے بڑے سکوپ اور درپیش رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

ویکلیف ریمک نے کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردانہ حملہ پر اظہار تعزیت بھی کیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے وزارت خارجہ میں نائب وزیر خارجہ لوکسی کائوکی سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دلانے کیلئی2014ء میں یورپی پارلیمنٹ میں حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ نائب وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے چیک وزارت صنعت و تجارت میں چیک چیمبر آف کامرس کے صدر ولادی میر ڈلوہی سے بھی ملاقات کی۔

دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے مابین روایتی اور تاریخی اقتصادی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے قرار دیا کہ توانائی٬ قابل تجدید توانائی٬ کوئلہ سے چلنے والے بجلی پلانٹس٬ درمیانے اور چھوٹے درجہ کے کوئلہ سے چلنے والے پلانٹس دفاعی سازو سامان کی خریداری اور آئی ٹی سے متعلقہ پراجیکٹس بارے عمومی اجلاس اور بات چیت ناگزیر ہے۔ وزیر تجارت نے جمہوریہ چیک کی کمپنیوں کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی جنہوں نے توانائی٬ ویسٹ واٹر ٹرٹیمنٹ انڈسٹریل کیمیکل کلیننگ اور پاکستان میں چھوٹے پلانٹس کی تنصیب میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر نے کہا کہ چیک کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ وزیر تجارت نے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران چیک جمہوریہ آنے والے پاکستانی تاجروںاور کاروباری حضرات کو ویزوں کا درپیش معاملہ بھی اٹھایا۔ وزیر تجارت نے چیک چیمبر آف کامرس کے صدر اور چیک پاکستان انٹر پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔