جڑواں شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج و مظاہرے ٬بنی گالا٬ کمیٹی چوک پر مظاہرین کے ساتھ تصادم میں پولیس کا لاٹھی چارج٬آنسو گیس کی شیلنگ٬مظاہرین کا پولیس پر پتھرائو٬ علاقے میدان جنگ بن گئے٬متعدد افراد زخمی٬ 150سے زائد گرفتار

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:10

ٓاسلام آباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی نظر بندی اور شیخ رشید کا جلسہ ناکام بنائے جانے کے بعد جڑواں شہروں میں جگہ جگہ احتجاج و مظاہروں کا سلسلہ شروع٬بنی گالا اور کمیٹی چوک پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم٬پولیس کا مظاہرین پر لاٹھی چارج٬آنسو گیس کی شیلنگ٬کارکنوں کا پولیس پر پتھرائو علاقے میدان جنگ بن گئے٬متعدد افراد زخمی٬ کئی مظاہرین بے ہوش ہوگئے٬پولیس نے 150سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرکے جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی نظر بندی اور شیخ رشید کا جلسہ ناکام بنائے جانے کے بعد جڑواں شہروں کے حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے٬تحریک انصاف٬عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں نے متعدد مقامات پر احتجاج و مظاہرے شروع کردیئے٬جس پر پولیس اور انتظامیہ نے بھی 144پر مکمل نفاذ کی ٹھان لی٬بنی گالہ میں انصاف چوک پر تحریک انصاف کے کارکن اور پولیس اہلکار آمنے سامنے ہوگئے٬کارکنوں کی طرف سے مزید نعرے بازی کے بعد پولیس پر پتھرائو کیا گیا جس پر پولیس نے بھی مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا اور کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے٬پولیس نے 21مظاہرین کو گرفتار کرکے تھانہ کوہسار منتقل کردیا٬دوسری طرف روالپنڈی کے کمیٹی چوک پر بھی پولیس اور مظاہرین میں دن بھر وقفے وقفے سے تصادم کا سلسلہ جاری رہا٬کارکنوں کی طرف سے پتھرائو تو پولیس کی طرف سے مظاہرین پر ڈنڈے برسائے گئے جبکہ میٹرو بس کے ٹریک سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جاتی رہی جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین بے ہوش ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا٬مشتعل مظاہرین نے کمیٹی چوک پر لگائے گئے کنٹینر کو آگ لگادی اور شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

پولیس نے کمیٹی چوک کی اطراف کی گلیوں میں بھی کریک ڈائون کرتے ہوئے 130سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا٬دوسری طرف بنی گالا میں تصادم کے بعد ایف سی کی مزید 4گاڑیوں پر سوار تازہ دم فورس نے پہنچ کرکنٹرول سنبھال لیا۔پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنوں کیلئے کھانا لانے والی گاڑی کو بھی روک کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔(خ م+ار)

متعلقہ عنوان :