صدر آزاد کشمیر مسعود خان کی لندن میں برطانوی رکن پارلیمنٹ٬ لارڈ کمشنر اینڈریو گرفیتھس سے ملاقات

جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے لندن میں برطانوی رکن پارلیمنٹ٬ لارڈ مشنر اینڈریو گرفیتھس سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران صدر آذاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر بھارتی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں برطانوی حکومت کی مدد طلب کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مسعود خان نے انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق حقائق جانے کی غرض سے کشمیر کے دونوں اطراف کراس پارٹی وفد بھیجنے کی برطانوی پارلیمنٹیرینز کی تجویز کو سراہا۔

اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے کشمیریوں سے متعلق عالمی برادری کی بے حسی اور مصلحت پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں رکن پارلیمنٹ پر زوردیا کہ وہ برطانوی وزیر اعظم سے مطالبہ کریں کہ دورہ بھارت کے موقع پر وہ اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے دوران کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیں۔ اینڈریو گرفیتھس نے صدر آزاد کشمیر کے دورے برطانیہ کی اہمیت کو سراہا اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی سورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔