کوئٹہ٬ہزار گنجی میں مقابلہ٬4دہشتگرد ہلاک٬3پولیس اہلکار زخمی

دہشتگردوں کے قبضے سے موٹرسائیکل٬ اسلحہ٬ دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء)کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد مارے گئے جبکہ تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ شالکوٹ پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سریاب کے علاقے ہزار گنجی میں کارروائی کی۔

(جاری ہے)

اس دوران ایک کمپاؤنڈ میں چھپے دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور دستی بم سے حملہ کیا۔ جس پر پولیس اور ایف سی کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کمپاؤنڈ میں موجود چار دہشتگرد مارے گئے جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے دہشتگردوں کی لاشیں شناخت کیلئے سول ہسپتال منتقل کردی ۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے موٹرسائیکل٬ اسلحہ٬ دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔