دل جان فاؤنڈیشن اور الشفاء آئی ٹرسٹ کے اشتراک سے فری آئی کیمپ کا انعقاد

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:58

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء)دل جان فائونڈیشن کے زیرِ اہتمام اور الشفاء آئی ٹرسٹ کوہاٹ کے تعاون سے لکی مروت کے دور افتادہ گائوں بیگو خیل میں فری آئی کیمپ کا انعقاد٬ضلع ناظم اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر کا دل جان فاؤنڈیشن کے کیمپ کا دورہ ٬ آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کو مفت طبی امداد اور ادویات کی فراہمی٬ معذور افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم۔

تفصیلات کے مطابق دل جان فائونڈیشن کے زیرِ اہتمام الشفاء آئی ٹرسٹ کوہاٹ کے تعاون سے لکی مروت کے دور افتادہ گائوں بیگو خیل میں فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے دل جان فائونڈیشن کے سربراہ اور سابق آئی جی پی دل جان خان مروت کے ہمراہ آئی کیمپ کا دورہ کیا جس میں سینکڑوں مرد اور خواتین مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں جبکہ آنکھوں کے آپریشن کے لئے مریضوں کو دل جان فائونڈیشن کی طرف سے الشفا آئی ٹرسٹ ہسپتال کوہاٹ لے جایا جائے گا۔ اس موقع پر معذور افراد میں وہیل چیئرز بھی تقسیم کی گئیں ۔سابق آئی جی دل جان خان مروت نے اپنے خطاب میں کہا کہ آنے والے دنوں میں بیگو خیل میں قائم ہسپتال کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں مقامی سطح پر میسر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ طبی سہولتوں کے ساتھ ساتھ فائونڈیشن یتیموں اور بیوائوں کی داد رسی کے لئے بھی کوشاں ہے جبکہ غریب نوجوانوں کو حصول تعلیم کے لئے وظائف بھی دیئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب اور دکھی افراد کی خدمت کے لئے مخیر حضرات اور ادارے آگے آکر دل جان فائونڈیشن کے ہاتھ مضبوط کریں۔ اس موقع پر ضلع ناظم اشفاق مینا خیل نے دل جان فائونڈیشن کے لئے ایکسرے مشین کی فراہمی کا اعلان کیا۔ ڈی پی او خالد ہمدانی نے کہا کہ دل جان خان جیسی ہستیوں کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف دوسروں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں بلکہ ان نقش قدم پر چل کر معاشرے کی اصلاح اور انسانیت کی بہتر خدمت کی جاسکتی ہے۔