انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی کا 75 واں اجلاس 30 اکتوبر سے شروع ہو گا

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) عالمی سطح پر کپاس کی فصل کے جائزہ اور پیداوار بڑھانے اور کپاس کے شعبہ کے مسائل کے تدارک کیلئے انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی (آئی سی اے سی) کا 75 واں اجلاس 30 اکتوبر سے 4 نومبر تک اسلام آباد میں ہو گا٬ آئی سی اے سی کے اجلاس میں 30 ممالک کے 130 بین الاقوامی وفود شرکت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری حسن اقبال نے جمعہ کو پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی اے سی کا قیام 1939ء میں عمل میں لایا گیا تھا جس کے کپاس پیدا کرنے والے اور اس کی تجارت سے وابستہ ممالک رکن ہیں٬ پاکستان 1948ء میں اس کا رکن بنا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی اے سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے بین الاقوامی وفود کو پاکستان میں قیام کے دوران بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گے اور ان کی سہولت کیلئے خصوصی ڈیسک بھی قائم کئے جائیںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر کپاس کی پیداوار اور فصل کا جائزہ لینا٬ کپاس کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز اور آراء پر مبنی حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن ایڈوائزری کمیٹی کا پاکستان میں اجلاس خوش آئند ہے جس سے اس شعبہ سے وابستہ افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے گا جہاں پر وہ اپنے مسائل اور ان کے حل کیلئے جامع حکمت عملی وضع کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں کپاس کے شعبہ سے وابستہ افراد دنیا کے بہترین تجربات سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی اے سی دنیا بھر میں کپاس کی فصل اور پیداوار بڑھانے سے متعلق اہداف کے حصول کیلئے تکنیکی اور ہر طرح کی معاونت فراہم کر رہی ہے جس سے کپاس کے شعبہ سے وابستہ کاشتکاروں اور افراد کے مسائل میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کپاس کا شعبہ ملکی معیشت میں بہت اہمیت کا حامل ہے جس سے ملک کی 40 فیصد افرادی قوت کا روزگار وابستہ ہے اور 60 فیصد غیر ملکی زرمبادلہ کا بھی باعث ہے۔ پاکستان کا ٹیکسٹائل کا شعبہ برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پوری دنیا میں اپنی جداگانہ حیثیت بھی رکھتا ہے۔ آئی سی اے سی کا اجلاس پاکستانی تاجروں کیلئے ایک موقع ہو گا جس میں وہ دنیا کے سامنے اپنے بہتر تشخص کو اجاگر کرکے نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی وفود ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور انہیں پاکستان کی تہذیب و ثقافت کے متعلق بھی آگاہی فراہم کرنے مختلف ملاقاتوں اور میٹنگز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے بین الاقوامی وفود کیلئے کلچرل پروگرامز اور مختلف شہروں کے دوروں کا بھی اہتمام کیا ہے جبکہ اجلاس کے اختتام پر وفود کو فیصل آباد شہر کا دورہ بھی کرایا جائے گا جو ٹیکسٹائل شعبے کا حب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان بھر سے ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ ایسوسی ایشنز٬ مینوفیکچررز٬ برآمد اور درآمد کنندگان اور جنرز ایسوسی ایشنز بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی اے سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا جن کو تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔ انہوں نے آئی سی اے سی کے اجلاس کے انعقاد کے حوالہ سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔