نیشنل لائبریری میں قائم لنکن ریڈنگ لاؤنج میں امریکی تاریخ کے جائزے کے عنوان سے کورس کا انعقاد

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) نیشنل لائبریری آف پاکستان میں قائم لنکن ریڈنگ لاؤنج نے امریکی تاریخ کے جائزے کے عنوان سے ایک کورس کا انعقاد کیا۔ یہ کورس امریکی تاریخ کے موضوع پر فروری 2017ء میں ہونے والے مقابلے کے امتحان (سی ایس ایس) کی تیاری کرنے والے طلبا وطالبات کے لئے وضع کیا گیا تھا۔جمعہ کو امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے کالجوں اور جامعات سے تعلق رکھنے والے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طالبعلموں نے کورس میں شرکت کی جو امریکی آئین٬ خانہ جنگی و تعمیر نو٬ صنعتی ترقی اور دنیا میں امریکہ کابطور ایک عالمی طاقت ظہور٬ شہری حقوق کی تحریک اور صدارتی انتخابات سمیت امریکی تاریخ کے بارے میں بحث و مباحثہ اور مذاکرے پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

اس علمی نشست کے دوران طالبعلموں کو اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانہ کے امریکی مقررین کے ساتھ بامعنی و تعمیری بات چیت میں شرکت کا موقع بھی میسرآیا۔ اس کورس سے طلباوطالبات اور دیگر شرکاء کی امریکی معاشرے اور حکومت کی صورت گری میں اہم کردار ادا کرنے والے عوامل کے بارے میں علم و آگہی میں بہتری آئی۔ لنکن ریڈنگ لاؤنج پاکستان بھر میں اٹھارہ لنکن کارنرز پر مشتمل نیٹ ورک کا حصہ ہے۔

امریکی سفارتخانہ پاکستان بھر کی لائبریریوں٬ جامعات اور ثقافتی اداروں میں قائم ان لنکن کارنرز کا انصرام سنبھالے ہوئے ہے جہاں مختلف پاکستان اداروں کے ساتھ مل کر منعقد کی جانے والی تقریبات کے لیے جگہ فراہم کی جاتی ہے۔ یہ لاؤنج امریکیوں اور پاکستانیوں کو ایک آزاد مکالمہ کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم بھی فراہم کرتے ہیں جس سے باہمی رواداری اور لوگوں کے مابین تعلقات فروغ پاتے ہیں۔