شراب پر پابندی سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ قرآن وسنت اور آئین پاکستان کے مطابق ہے‘سیدرفیق شاہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) جماعت اہل سنت پاکستان کراچی کے رہنما سید رفیق شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجادعلی شاہ کی جانب سے پورے سندھ میں شراب خانوں کی پابندی کے فیصلے کوتاریخی فیصلہ قراردیتے ہوئے کہاکہ سندھ ہائی کورٹ کافیصلہ قرآن وسنت اور آئین پاکستان کے مطابق ہے اسلامی ریاست میں اقلیتوں کے نام پر حکومت کی نگرانی میں شراب خانوں کاقیام معاشرتی بگاڑ٬تباہی وبربادی کاسب سے بڑاذریعہ ہے٬انہوں نے کہاکہ دنیاکے تمام مذاہب اور ادیان میں شراب کو ناپسند یدہ اور اسلام میں حرام قراردیاگیاہے پاکستان میں موجوداقلیتوں کے پیشوا اور رہنما کئی مرتبہ شراب خانوں کے قیام سے لاتعلقی کااظہارکرچکے ہیں٬عدالتی فیصلے پر انکا دوٹوک موقف حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کے بجائے مسلم ریاست کے ذمہ دار کی حیثیت سے عدالتی فیصلے پرعملدرآمد کروائیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی اور سندھ میں کچی شراب نوشی سے سینکڑوں افرادکی ہلاکت ہوچکی ہیں٬کچی شراب بنانے والوں کیخلاف بھی کاروائی ہونی چاہیے ٬پاکستانی قوم سندھ ہائی کورٹ کی شکرگزارہیں اور اس تاریخ سازفیصلے کا خیرمقدم کرتی ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ گٹکا٬مین پوری اورجوئے کے اڈوں کیخلاف بھی سخت کاروائی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :