پیمرا شکایات کونسل لاہور کا 66واں اجلاس ٬غیر مصدقہ خبریں چلانے پر چینلز کو جرمانے

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پیمراشکایات کونسل لاہورکا 66واں اجلاس چیئر پرسن ڈاکٹر مہدی حسن کی زیرِ صدارت پیمرا علاقائی دفتر٬ لاہور میں منعقدہوا۔کونسل نے چینل24-کے پروگرام "کھرا سچ" مورخہ 21ستمبر 2016؁ء میں میزبان مبشر لقمان کی وزیر اعظم پاکستان کی حب الوطنی پرغیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنے پر دائر کی گئی شکایت کی سماعت کرتے ہوئے چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

کونسل نے چینل 24-کے پروگرام "کھرا سچ" مورخہ 12ستمبر 2016؁ء میں قصور کے ایم این اے شیخ وسیم اخترکے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبر چلانے پر چینل پر دس لاکھ جرمانہ عائد۔ چینل 24- دونوں کیسوں میں اپنا دفاع کرنے میں نہ صرف نا کام رہی بلکہ کسی بھی قِسم کا ثبوت فراہم کرنے سے قاصر رہا۔

(جاری ہے)

کونسل نے انور عزیز کی چینل 24- کے خلاف دائر درخواست کی سماعت شکایت کنندہ کی غیر حاضری کی وجہ سے اگلے اجلاس تک ملتوی کر دی۔

کونسل نے میسرز ستارہ کیمکل انڈسٹریز کی چینل24-کے پروگرام" انوسٹی گیٹر24-" مورخہ 13مارچ 2016؁ء میں کمپنی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے پر دائر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے چینل کو غیر سنجیدہ رویہ اپنانے اور غیر ذمہ دارانہ صحافت کرنے پر چینل پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ کونسل نے اے آر وائی چینل کے پروگرام "نیوز "6@میں ایم پی اے رانا مشہود کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد خبر چلانے اور کونسل کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر چینل پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول ڈاکٹر صغریٰ صدف٬ ڈاکٹر مبشر ندیم٬ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر٬ جناب افتخار احمدتارڑ اور ڈاکٹر محمد صفدر رحمان(آر جی ایم/سیکرٹری کونسل) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :