Live Updates

وزیراعظم بننے کے خبط میں مبتلا عمران خان سیاست کی بجائے بدمعاشی پر اتر آئے ہیں٬ میاں امتیازاحمد

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:19

رحیم یارخان۔28 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ وایم این اے میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے کے خبط میں مبتلا عمران خان سیاست کی بجائے بدمعاشی پر اتر آئے ہیں‘ اسلام آباد پرایک مرتبہ پھر لشکر کشی اور وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کے اعلانات قابل مذمت ہیں٬انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے عظیم منصوبے سمیت قومی خوشحالی اور ترقی کے دوسرے حکومتی پروگرام عمران خان اور ان کی جماعت کو ہضم نہیں ہورہے٬ اگر حکومت گرانے کا طریقہ یہی ہے تو کل کوئی بھی دوسری سیاسی جماعت آنے والی حکومت کے خلاف بھی اسی طرح لشکر کشی کرتے ہوئے اسلام آباد پر چڑھ دوڑے گی٬ عمران خان کو ڈیڑھ سال بعد ہونیوالے عام انتخابات کا انتظار کرنا اور فیصلہ عو ام پر چھوڑ نا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے اور شہر کو بند کرکے منتخب جمہوری حکومت کی بساط لپیٹنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ عوام باشعور اور سمجھدار ہیں ‘ وہ سیاسی مداریوں کے گمراہ کن پراپیگنڈہ میں ہرگز نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف پر کرپشن کے الزامات آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہیں‘ خادم پنجاب کی محنت‘ دیانت اور حب الوطنی کا ایک زمانہ معترف ہے۔ان پر الزام تراشی کرنے والوں کو شرمندگی اور مایوسی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :