ضلع میں سیور مینوں کو تربیتی کورسز کروائے جائیں گے٬ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اوکاڑہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:17

اوکاڑہ۔28 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انچارج ریسکیو 112چوہدری ظفر اقبال نے کہا ہے کہ عوامی خدمت پر مامور محکموں کے اہلکاروں کو جان بچانے اور ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے بنیادی تربیت فراہم کرنے کا مقصد ان کی حفاظت اور ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی چوہدری محمد ریاض کی خصوصی ہدایت پر بلدیہ اوکاڑہ میں سیور مینوں کو محفوظ انداز میں سیوریج اور مین ہول میں کام کرنے کے لئے بنیادی تربیت نہ صرف ان کی جان کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کرے گی بلکہ وہ اپنا کام بہتر اور محفوظ انداز میں کر سکیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم اے کے عملہ کی کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں سیور مینوں کو تربیتی کورسز کروائے جائیں گے سیوریج کی صفائی اور مین ہولز میں اترتے وقت ان اہلکاروں کو زہریلی گیس اور دیگر جان لیوا مشکلات سے نمٹنے کے لئے بنیادی تربیتی کورسز کروائے جائیں گے تاکہ دوران کام کسی بھی حادثہ کے امکانات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا ٹی ایم اے کا پرفارمنس آڈٹ کرنے کے بعد ان اہلکاروں کو سیفٹی کٹ مہیا کرنے اور دیگر آلات فراہم کئے جانے سے متعلق سفارشات بھی پیش کی جائیں گی۔