یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو مکہ کے قریب مار گرایا گیا۔سعودی اتحاد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:06

یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایک بیلسٹک میزائل ..

ریاض(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28اکتوبر۔2016ء) سعودی اتحاد نے الزام عائد کیاہے کہ یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو مکہ کے قریب مار گرایا گیا۔غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی اتحاد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے 27 اکتوبر کی شام یمن کے صوبہ سادا سے مکہ کی طرف ایک میزائل فائر کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دفاعی کارروائی میں حوثی باغیوں کے میزائل کو مکہ سے 65 کلومیٹر دور بغیر کسی نقصان کے مار گرایا گیا۔دوسری جانب حوثی باغیوں کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ ان کی جانب سے مکہ کے مغرب میں واقع کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف میزائل داغا گیا۔واضح رہے کہ مکہ مکرمہ یمن کی سرحد سے 500 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے باغیوں کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائلوں کو روکنے کے لیے پیٹریوٹ میزائل نصب کر رکھے ہیں۔رواں ماہ میں یہ دوسری مرتبہ ہے جب یمنی باغیوں کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل داغا گیا۔اس سے قبل 9 اکتوبر کو بھی سعودی اتحاد کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انھوں نے حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل کو طائف کے قریب مار گرایا تھا۔

حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر ایک ایسے وقت میں میزائل داغا گیا جب 9 اکتوبر کو یمن کے دارالحکومت صنعاءمیں سعودی اتحاد کی جنازہ ہال میں کی گئی فضائی بمباری کے نتیجے میں 140 سے زائد افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ عالمی سطح پر یمن کے صدر تسلیم کیے جانے والے منصور ہادی کی حامی ملیشیا اور فورسز نے عدن کو اپنا عارضی بیس بنایا ہوا ہے اور انہیں صنعا پر قابض حوثی باغیوں اور دیگر شدت پسند تنظیموں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں عرب اتحاد کی فضائی کارروائی شروع ہونے سے اب تک ساڑھے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :