Live Updates

اسلام آباد‘روالپنڈی میں تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں-پولیس کا بنی گالہ اور لال حویلی گھیراﺅ- نواز شریف کی حکومت سے سوال پوچھتا ہوں کہ کیا یہ بادشاہت ہے یا جمہوریت؟ 2 نومبر کو اسلام آباد میں بتائیں گے کہ عوام کی طاقت کیا ہوتی ہے۔ نواز شریف سن لو، احتساب سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔عمران خان کی پریس کانفرنس‘ہم ملک میں جمہوریت اور احتساب چاہتے ہیں۔ میں نے کہا تھا میں آﺅنگا ،نواز شریف میں آگیا ہوں ،لال حویلی کے سارے راستے بند ہیں، کسی میں ہمت ہے تو آﺅ مجھے گرفتار کرو۔نواز شریف جس دن پکڑے جائیں گے انہیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔شیخ رشیداحمد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:06

اسلام آباد‘روالپنڈی میں تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے حامیوں کے ..

راولپنڈی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28اکتوبر۔2016ء) راولپنڈی میں پولیس اور احتجاجی جلسے کے لیے جمع ہونے والے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔شہر کی انتظامیہ نے تحریکِ انصاف اور عوامی مسلم لیگ کی ریلی کے پیشِ نظر لال حویلی کے اردگرد کا علاقہ سیل کر دیا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی میں جلسہ ضرور ہو گا اور حکومت کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں لوگوں کو اور اس جلسے کو نہیں روک سکتیں۔

راولپنڈی میں مری روڈ پر واقع کمیٹی چوک پر پولیس نے مظاہرین کو لال حویلی جانے سے روکنے کی کوشش کی جس کے بعد مظاہرین اور پنجاب پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ وہ پولیس پر پتھراو¿ کر رہے ہیں اور حکومت مخالف نعرے بازی بھی جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس بھی استعمال کی جا رہی ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ایک موٹر سائیکل پر بیٹھ کر کمیٹی چوک پہنچے اور وہاں پرایک گاڑی پر سوار ہو کر مختصر خطاب کرنے کے بعد دوبارہ وہاں سے نکل گئے۔اپنے خطاب میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک ان کی جماعت اور تحریک انصاف کے 450 کے قریب کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔انھوں نے وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ملک میں جمہوریت اور احتساب چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے سارے راستے بند ہیں۔ پنڈی کے لوگوں نے ثابت کیا ہے کہ ہم حکومت کو نہیں مانتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف بھی ہمارے ساتھ احتجاج میں شریک ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اچانک موٹرسائیکل پر کمیٹی چوک پہنچے اورمظاہرین سے مختصر خطاب کرکے پولیس کو چکمہ دیکرموٹر سائیکل پر ہی واپس چلے گئے، ان کا کہنا تھا کہ کسی میں ہمت ہے تو آﺅ مجھے گرفتار کرو۔

شیخ رشید ڈھوک کشمیریاں سے موٹرسائیکل پر چٹیاں ہٹیاں کی تنگ گلیوں سے ہوتے ہوئے کمیٹی چوک پہنچے،پولیس کے روکنے پر موٹرسائیکل چلانے والے نے کہا یہ بیمار ہے، پولیس اہلکار نے مریض جان کر شیخ رشید کو موٹر سائیکل پر جانے دیا، شیخ رشید نے منہ پر رومال باندھا ہوا تھا اس لئے پولیس انہیں پہچان نہ سکی۔اس موقع پر شیخ رشید نے ایک گاڑی پر کھڑے ہوکر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا میں آﺅنگا ،نواز شریف میں آگیا ہوں ،لال حویلی کے سارے راستے بند ہیں، کسی میں ہمت ہے تو آﺅ مجھے گرفتار کرو۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف جس دن پکڑے جائیں گے انہیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔اس سے پہلے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے پہلے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈرنے والا نہیں حکومت پکڑ سکتی ہے تو پکڑ لے جب کہ ساراشہر بند ہے لیکن پھر بھی اسٹریٹ پاور نظر آئے گی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آج لال حویلی میں جلسہ ضرور ہوگا، عوام جمعہ کی نماز پڑھ کو لال حویلی آئیں گے اور آج دما دم مست قلندر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ صرف راولپنڈی نہیں پورا پاکستان میری جان ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جب اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ تھا کہ کوئی رکاوٹیں نہیں ڈالنی تو میں پوچھتا ہوں کہ بنی گالہ کیوں بند کیا گیا اور مجھے کس قانون کے تحت گھر میں تقریباً نظر بند کردیا گیا۔بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں پھر سے نواز شریف کی حکومت سے سوال پوچھتا ہوں کہ کیا یہ بادشاہت ہے یا جمہوریت؟اس موقع پر ان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس غیر سیاسی ہے اور قانون پر چلتی ہے، پنجاب پولیس کو کے پی پولیس سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پنجاب پولیس نے کل خواتین پر ڈنڈے چلائے، انھیں اس پر شرم آنی چاہیے، ساتھ ہی انھوں نے پنجاب پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ شریف خاندان کے نوکر نہیں ہیں، آپ کو تنخواہ پاکستانی عوام کے ٹیکس سے ملتی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ 2 نومبر کو اسلام آباد میں بتائیں گے کہ عوام کی طاقت کیا ہوتی ہے۔ساتھ ہی انھوں نے ایک مرتبہ وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سن لو، احتساب سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔ گرفتاریوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے موقع پر جسٹس شوکت صدیقی نے تحریک انصاف کے وکیل سے استفسار کیا کہ پہلے یہ بتائیں کہ پرامن احتجاج کریں گے یا شہر بند کریں گے، جس پر تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ قانون کے مطابق اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے اور عدالتی احکامات پر عمل کریں گے۔

جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دئیے کہ عدالت اپنے حکم پر عملدرآمد کروانا جانتی ہے۔ دوسری جانب کوہاٹ میں وزیراعظم کے جلسے کے باہر نون لیگ اور تحریک انصاف کے کارکنوں کا آمنا سامنا ہوا ہے جس میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراو¿ کیا۔تصادم روکنے کیلئے پولیس حرکت میں آئی اور لاٹھی چارج کر کے کارکنوں کو منتشر کیا۔راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر موجود تحریک انصاف کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہوگئی ہیں، کمیٹی چوک پرکارکنوں نے پتھراﺅکیا جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جبکہ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اعجازخان جازی کو3کارکنوں سمیت گرفتارکرلیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں مری روڈ4 جگہ سے بندکردی گئی اور تیلی محلہ، کمیٹی چوک اور اطراف میں کنٹینر لگا دیے گئے،جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا،مختلف علاقوں میں کاروباری اور تجارتی مراکز بھی بند ہیں۔تحریک انصاف کی راہنماءشیریں مزاری نے کہا ہے کہ بنی گالہ کے راستے پرناکا لگاکر روکاجارہاہے اور ہمارے لوگوں کو پکڑاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اجلاس میں حکمت عملی طے کریں گے۔

لاہور میں تحریک انصاف کی جانب سے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف وکلاءنے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران وکلاءنے ٹریفک روکنے کے لیے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔دوسری جانب وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جو بھی مزاحمت کرے گا اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔ دارالحکومت بندکر کے پاکستان کامذاق اڑانےوالے عناصرکو اجازت نہیں دی جائیگی ،قانون نافذ کرنےوالے ادارے شیخ رشید کے انتظار میں ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات