کراچی ٬واٹربورڈ نے لیاری میںکنکشن منقطع کرکے پانی چوری کرنے والے ایک بڑے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) پانی چوروں کے خلاف بھرپور آپریشن ٬لیاری کو پانی فراہم کرنے والی لائن سے متعدد کنکشن منقطع کرکے پانی چوری کرنے والے ایک بڑے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا گیا ہے دو ملزمان گرفتاردیگر فرار ہوگئے ٬ ایک ٹرک قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرادیئے گئے ٬وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ جام خان شورواور ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فریدکا محکمہ پولیس سے اظہار تشکر ٬پانی چور مافیاز دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں ٬واٹربورڈ کا کوئی اہلکار پانی چوری میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف بھی پانی چوروں کیلئے بنائے گئے نئے قانون کے تحت مقدمہ درج کرانے کا اعلان ٬تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ فیصل چاچڑ نے ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کی ہدایت پر تین ہٹی پر سابق ناولٹی سنیما ٬کتیانہ بلڈنگ کے قریب بھاری پولیس نفری کے ساتھ چھاپہ مارا٬ جہاں واٹربورڈ کی 33 انچ قطرکی پائپ لائن سے 6٬6انچ کے متعدد کنکشن لگا کر پانی چوری کیا جارہا تھا پولیس پارٹی نے ایس ایس پی ایسٹ کی نگرانی میں موقع پر ہی دو ملزمان کو گرفتار کرکے ایک شہ زور ٹرک قبضے میں لے لیا اور تمام کنکشن منقطع کردیئے گئے ٬تاہم دیگر ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا تے ہوئے فرار ہوگئے٬پولیس نے پانی چوری کے ملزمان تاج کوہستانی اور اس کے معاون ارشد ٬منشی رشید٬ فرقان اور علی رحمان کے خلاف پانی چوری کے خلاف نئے قانون 18/A/1کے تحت جمشید ٹاؤن تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے٬ واضح رہے کہ یہ پانی چور نیٹ ورک عرصہ سے علاقہ میں سرکاری لائنوں سے پانی چوری کرکے شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کررہا تھا اس کے خلاف واٹربورڈ متعدد مرتبہ کارروائی کرچکا ہے ٬دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا ہے کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر مافیاز واٹربورڈ کی مین ٹرنک مینز سے پانی چوری کرکے کروڑوں روپے کا پانی فروخت کرتے ہیں ٬ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ سب دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں لہٰذا اس قسم کے تمام گروپوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی سیل بنایا جائے یہ شہریوں کی بہت بڑی خدمت ہوگی انہو ں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی اور ایس ایس پی ایسٹ نے فرض شناسی کا ثبوت دیتے ہوئے کراچی کے شہریوں کے حصے کا پانی چوری ہونے سے بچایا ہے اس پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ٬انہوں نے کہا کہ اگر واٹربورڈ کا کوئی اہلکار پانی چوری میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی پانی چوروں کے لئے بنائے گئے نئے قانون کے تحت مقدمہ درج کرایا جائے گا ٬ انہوں نے پولیس کی جانب سے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں کے حصے کے پانی کی چوری روک کر قابل تعریف اقدام کیا ہے انہوں نے کہا کہ پانی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائی پر ہم شہریوں کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی ٬ایس ایس پی ایسٹ اور تھانہ جمشید ٹاؤن کے عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ٬محکمہ پولیس آئندہ بھی پانی چوروں کے خلاف واٹربورڈ کے اقدامات میں بھرپور ساتھ دے گا ۔

متعلقہ عنوان :