میرٹ پر تعیناتی سے نوجوانوں کے حوصلے بلند ہونگے ٬لیویز اہلکار عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے٬حاجی میر غلام دستگیربادینی

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:04

نوشکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی میر غلام دستگیربادینی نے کہاہے کہ لیویز اہلکاروں کا میرٹ کے تحت انتخاب ایک حوصلہ افزاء عمل ہے ٬میرٹ پر تعیناتی سے نوجوانوں کے حوصلے مزید بلند ہونگے اور لیویز اہلکار عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں٬سابقہ ادوار میں بازارکے تھڑوں اور بھیٹکوں میں بیٹھ کر فروخت کئے جاتے تھے مگر اب وہ دور گزرچکاہے ٬حقداروں کو انکا حق انکے دہلیز پر دیاجائیگا٬ان خیالات کااظہار انہوں نے فیڈرل لیویز کے ڈیڑھ سونوجوانوں میں تعیناتی آرڈر تقسیم کرنے کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا٬تقریب سے ڈپٹی کمشنر شکیل احمد خواجہ خیل٬پاپولیشن آفیسر عبدالستار شاہوانی ودیگر نے بھی خطاب کیا٬ایم پی اے حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے کہاکہ ہماری روز اول سے ہی کوشش رہی ہے کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کی جائے تاکہ وہ آگے بڑھ کر ملک وقوم کی خدمت کریں ٬اس سے قبل آسامیاں فروخت کی جاتی تھیں مگر ہم نے اس کلچر کی پہلے بھی مخالفت کی تھی اور آئندہ بھی کرینگے ٬نوجوان ہمارے معاشرہ کا اہم حصہ اور ہمارے مستقبل ہیں اور انکے مستقبل کو فروخت کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی ٬بیروزگاری کی وجہ سے ہمارے اچھے اچھے نوجوان ضائع ہورہے ہیں اور مایوسی سے دوچارہیں ٬ہماری اولین کوشش ہے کہ ضلع کے خالی آسامیوں پر حقدار اہل اور غریب نوجوانوں کو بھرتی کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنائیں ٬ضلع میں میرٹ کوفروغ دیکر ہم نے بنیادرکھ دی ہے اور آئندہ بھی میرٹ پر مختلف محکموں میں تعیناتی عمل میں لائی جائیگی٬ڈیڑھ سو آسامیوں سے ڈیڑھ سو خاندانوں میں خوشحالی آئیگی اور ڈیڑھ سو نوجوان اب ملک وقوم اور علاقہ کے عوام کی خدمت اور علاقے کے عوام کے تحفظ میں اپناکردار اداکرینگے ٬انہوں نے کہاکہ عنقریب محکمہ صحت٬صوبائی لیویز اور دیگر محکموں میں بھی تعیناتی کا عمل تیز کردیاجائیگا٬ہمارے ضلع کا سب سے اہم اور سنگین مسئلہ بیروزگاری ہے اور اس مسئلے کے خاتمے کیلئے اپنے تئی ہم بھرپور جدوجہدکررہے ہیں اور ضلع میں بیروزگاری جیسے سنگین مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کردینگے ٬تقریب کے اختتام پر ایم پی اے حاجی میر غلام دستگیر بادینی٬ڈپٹی کمشنر شکیل احمد خواجہ خیل اور میر ناصر بادینی نے نوجوانوں میں لیویز کے آرڈرتقسیم کئے۔