پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ

بحری جہاز پر موجود ترک مشن کمانڈر سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بات چیت ٬ ترک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کل یہاں ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا دورہ کیا۔ نیول چیف نے بحری جہاز پر موجود ترک مشن کمانڈر سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بات چیت کی اور ترک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ مراسم قائم ہیں اور دونوں ممالک کے مابین دیرپا تعاون ان تعقات کے فروغ اور استحکام میںخصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

نیول چیف نے ترک بحری جہاز کے افسران اور عملے سے بھی ملاقات کی۔ ایڈمرل ذکاء اللہ کو پاکستان نیوی اور دورے پر آئے ہوئے ترک بحری جہاز کے درمیان کھلے سمندر میں ہونے والی مشترکہ بحری مشق کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ پاکستان میںقائم ترک سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات اور بحری تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔