Live Updates

عوام ترقی و خوشحالی کے ساتھ کا فیصلہ کرچکے ٬ عمران خان کی طرز سیاست قابل مذمت ہے ٬بلاجواز دھرنوں اور احتجاج سے شہریوں کی زندگی اجیرن کرنا کہاں کی سیاست ہے ٬محمد نواز شریف نے گزشتہ تین سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کا بر نالہ میں سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:54

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام ترقی و خوشحالی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ وہ جمعہ کو ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے نواحی قصبے بر نالہ میں ایک سڑک کا افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پلڈاٹ کے حالیہ سروے کے مطابق پنجاب کی حکومت کو گڈ گورننس اور کارکردگی کے اعتبار سے باقی تمام صوبوں پر سبقت حاصل ہے جو مسلم لیگ (ن) اور اس کے قائدین کی عوام میں مقبولیت کی بھی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس کے علاوہ گذشتہ چند عرصے میں ہونے والے ضمنی انتخابات اورآزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج بھی اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ نواز شریف اور اُن کی جماعت مسلم لیگ (ن) کو عوام میں بے پناہ پذیرائی حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ پاکستان کے عوام ترقی و خوشحالی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور انہوںنے عمران خان کی طرز سیاست کو یکسر مستردکر دیا ہے ۔ انہوں نے عمران خان کی طرز سیاست کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے لیکن اس احتجاج کی آڑ میں شہریوں کی زندگی مفلوج کرنا اور ان کے آئے روز کاروبار تباہ کرنا کہاں کی سیاست ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا واحد مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنا ہے اور وہ اس مقصد میں کسی صورت میں نندر مودی سے کم نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج جب پاکستان کی معیشت دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی معیشتوں میں شمار ہو رہی ہے اور پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو ایشیاء میں بہترین سٹاک مارکیٹ کا درجہ دیا گیا ہے ایسے میں عمران خان اپنی ضد کی سیاست سے نہ صرف پاکستان کو معاشی لحاظ سے نقصان پہنچارہے ہیں بلکہ ترقی و خوشحالی کے اس سفر کو بھی روک رہئے ہیںجو نواز شریف کی قیادت میں ملک میں تیزی سے جاری ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ محمد نواز شریف نے گزشتہ تین سالوں میں پورے ملک میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جن کی ماضی میں کوئی نظیرنہیں ملتی بلوچستان میں ہزاروں کلو میٹر طویل روڈ نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے ۔ دس ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے بیشتر عنقریب مکمل ہو جائیں گے ۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آج ملک کے تمام عوام بڑے باشعور ہیں اور وہ اسلام آباد کو بند کرنے کے عمران خان کے اعلان اور اقدمات کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو احتجاج کا راستہ ترک کر کے اپنی توجہ خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی پر دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ2018ء کے عام انتخابات کا فیصلہ صرف اور صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا اور نہ کہ احتجاج اور دھرنے کی سیاست پر اور ایسی سیاست کرنے وا لوں کی سیاست کا سورج جلدڈوب جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات