اسلام آبا دکو بند کرنے کی صورت میں تعلیمی اداروں کو ہرگز بند نہ کیا جائے٬ ملک ابرار حسین

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کال پر 2 نومبر کو اسلام آباد کو بند کرنے کے اعلان پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ تعلیم اور تعلیمی اداروں کو سیاست سے دور رکھنا چاہئے٬ اسلام آبا دکو بند کرنے کی صورت میں تعلیمی اداروں کو ہرگز بند نہ کیا جائے اور نہ ہی تعلیمی اداروں میں پولیس اہلکاروں کو ٹھہرایا جائے کیونکہ اس سے ملک و قوم اور مستقبل کے معماروں کا نقصان ہوگا بلکہ پولیس اہلکاروں کو سرکاری دفاتر میں ٹھہرایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تعلیمی سیشن ختم ہونے والا ہے ایسے میں تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبہ کا تعلیمی ہرج ہو گا٬ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں انٹرنل امتحانات ہونے والے ہیں جبکہ یکم نومبر سے وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت انٹر کے ضمنی امتحان بھی ہو رہا ہے ایسی صورتحال میںوالدین ٬ طلبہ ٬ اساتذہ میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے لہٰذا احتجاج کے دوران تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کیے جائیں اور تعلیمی اداروں میں پولیس اہلکاروں کو ہر گز نہ ٹھہرایا جائے ان کا کہنا ہے کہ پہلے بھی دھرنے کے دوران طلبہ کا تعلیمی ہرج ہوا تھا اور طلبہ کے رزلٹ بھی متاثر ہوا لہذ ا اب نہ تو تعلیمی ادارے بند کرائے جائیں اور نہ ہی ان میں پولیس والوں کو ٹھہرایا جائے۔