تاجکستان کے سفیر کی نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان اور تاجکستان کے مابین فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میںتعاون کو فروغ دینے کیلئے تاجکستان کے سفیر جونوو شیر علی نے جمعہ کو نیوٹیک ہیڈ کوارٹر میں نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تاجکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان بڑے گہرے سیاسی٬ سماجی٬ تاریخی اور ثقافتی رشتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم محسوس کرتے ہیں کہ پچھلے تین سالوں میں پاکستان نے معاشی میدان میں قابل ذکر ترقی کی ہے اور ہم معاشی اور تجارتی روابط کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم و تربیت کے میدان میں بھی تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے حالیہ منعقد ہونے والی انٹرنیشنل ٹیوٹ کانفرنس کی بہت تعریف کی اور نیوٹیک کے نئے اقدامات اور فنی ہنر مندی کے مقابلوں کو خوش آئند قرار دیا ۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ نے تاجکستان کے سفیر کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم و تربیت کے میدان میں ہم تاجکستان کو ہر طریقے سے ٹیکنیکل تعاون فراہم کریں گے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے اپنی بریفنگ میں نیوٹک کی طرف سے کئے جانے والے کچھ حالیہ اقدامات سے بھی معزز مہمان کو آگاہ کیا۔