لوگوں میں ووٹ کی اہمیت و افادیت کا شعور اجاگر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں جدید اصلاحات لائی جارہی ہی{‘عامر اشفا ق قریشی

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:53

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی میرپورخاص عامر اشفا ق قریشی نے کہا ہے کہ لوگوں میں ووٹ کی اہمیت و افادیت کا شعور اجاگر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں جدید اصلاحات لائی جارہی ہیں اور ووٹ کے اندراج کا طریقہ کار بھی مزید آسان بنایا جارہا ہے ٬ اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے دفترمیں "ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی "میرپورخاص کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا٬ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے ذریعے بھی اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر سے اپنی ووٹ لسٹ کی معلومات اور گوگل نیٹ ذریعے پولنگ بوتھ کی معلومات حاصل کرسکیں گے٬ انہوںنے مزید کہا کہ جلد "ای ووٹنگ سسٹم" بھی متعارت کروارہے ہیں٬ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ووٹ کی اہمیت و افادیت کے متعلق سول سوسائٹی اورنوجوانوںمیں شعور اجاگر کرنے کیلئے 7دسمبرکو نیشنل ووٹرز ڈے منایا جائیگا٬ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی تشکیل دینے کا مقصد 18سال کے نوجوانوں کو ووٹ کی اہمیت و افادیت کے متعلق شعور اجاگر کر ہر حال میں ان کے ووٹ کا اندراج کروانا ہے٬ مذکورہ کمیٹی کے چیئرمین ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جبکہ ممبران میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر Iمیرپورخاص عبدالحفیظ لغاری ٬اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میرپورخاص فاخر شاکر٬ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر میرپورخاص اور آرٹس فاؤنڈیشن این جی او کے نمائندے شہزادو ملک شامل ہیں٬ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا ہے گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے تناسب میں 13فیصد تک اضافہ ہوا ہے اور اب اس تناسب کو20سی23 فیصد تک بڑھانے کا ہدف ہے ٬ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران نے تجویز دی کہ کمیٹی میں مذہبی رہنماؤں ٬محکمہ تعلیم اور فیمیل ممبران کو بھی شامل کیاجائے اور کہا کہ ان علاقوں کی نشاندہی ہونی چاہے جہاں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ کم ہے اور جو نئی یونین کونسلیں بنی ہیں ان کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کیا جائے ٬ اجلاس میں کمیٹی ممبران انفارمیشن آفیسر غلام رضا کھوسو٬ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے نمائندے محمد بخش لغاری٬ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے نمائندے ذاکر حسین اور آرٹس فاؤنڈیشن این جی او کے شہزاد وملک نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :