پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ میں وزیراعظم کی حب الوطنی پر غیر ذمہ دارانہ گفتگوِ پر چینل 24 کو 10 لاکھ روپے جرمانہ

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چینل 24 کے پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ میں وزیراعظم کی حب الوطنی پر غیر ذمہ دارانہ گفتگوِ پر 10 لاکھ٬ اسی چینل کے پروگرام ’’انوسٹی گیٹر24‘‘ میں کمپنی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے پر5 لاکھ روپے٬ ایم این اے شیخ وسیم اختر کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبر چلانے پر 10 لاکھ جبکہ اے آر وائے نیوز @ 6 میں ایم پی اے رانا مشہود کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد خبر چلانے پر 5 لاکھ روپے جرمانے عائد کر دیئے ہیں۔

جمعہ کو پیمرا شکایات کونسل لاہورکا 66 واں اجلاس چیئرپرسن ڈاکٹر مہدی حسن کی زیرِ صدارت پیمرا علاقائی دفتر٬ لاہور میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول ڈاکٹر صغریٰ صدف٬ ڈاکٹر مبشر ندیم٬ ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر٬ افتخار احمد تارڑ اور ڈاکٹر محمد صفدر رحمن (آر جی ایم/سیکرٹری کونسل) نے شرکت کی۔ کونسل نے چینل 24 کے پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ 21 ستمبر 2016ء میں میزبان مبشر لقمان کی وزیراعظم پاکستان کی حب الوطنی پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنے پر دائر کی گئی شکایت کی سماعت کرتے ہوئے چینل پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

کونسل نے چینل 24 کے پروگرام ’’کھرا سچ‘‘ 12 ستمبر 2016ء میں قصور کے ایم این اے شیخ وسیم اخترکے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبر چلانے پر چینل پر10 لاکھ جرمانہ عائد۔ چینل 24 دونوں کیسوں میں اپنا دفاع کرنے میں نہ صرف ناکام رہا بلکہ کسی بھی قسم کا ثبوت فراہم کرنے سے قاصر رہا۔ کونسل نے انور عزیز کی چینل 24 کے خلاف دائر درخواست کی سماعت شکایت کنندہ کی غیر حاضری کی وجہ سے اگلے اجلاس تک ملتوی کر دی۔

کونسل نے میسرز ستارہ کیمکل انڈسٹریز کی چینل24 کے پروگرام’’انوسٹی گیٹر24‘‘ 13 مارچ 2016ء میں کمپنی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے پر دائر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے چینل کو غیر سنجیدہ رویہ اپنانے اور غیر ذمہ دارانہ صحافت کرنے پر چینل پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ کونسل نے اے آر وائے چینل کے پروگرام ’’نیوز 6@‘‘ میں ایم پی اے رانا مشہود کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد خبر چلانے اور کونسل کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر چینل پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

متعلقہ عنوان :